مفت آٹا سکیم شفاف ترین،خاقان معذرت کریں یا ثبوت دیں،پنجاب حکومت

لاہور( خبر نگار)نگران پنجاب حکومت نے شاہد خاقان عباسی کی جانب سے مفت آٹا سکیم میں کرپشن الزامات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے الزامات جھوٹے اور من گھڑت ہیں،شاہد خاقان عباسی معذرت کریں یا ثبوت مہیا کریں۔

نگران وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر نے اپنے بیان میں کہا حکومت نے مفت آٹا سکیم کے تحت پنجاب کے کروڑوں مستحقین کو بڑا ریلیف دیا ،مفت آٹا سکیم میں ایک پائی کی بھی کرپشن نہیں ہوئی، الزام لگانے والوں کی اپنی ساکھ مجروح ہوئی،مفت آٹا سکیم تاریخ کی کامیاب ترین سکیم ہے ،پنجاب کے 3کروڑ سے زائد مستحق لوگوں کو رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں مفت آٹا تقسیم کیا گیا۔

سکیم کو وفاقی و پنجاب حکومت نے مل کر فنڈ کیااور اپنی نوعیت کی منفرد آٹا سکیم کو پارٹی کی اندرونی سیاست کی بھینٹ چڑھانا سراسر زیادتی ہے ، انہوں نے کہا شاہد خاقان عباسی اپنے جھوٹے الزامات پر یا تو معذرت کریں یا ثبوت مہیا کریں، نگران پنجاب حکومت شفافیت اور غیر جانبداری پر یقین رکھتی ہے،ایک ایک پائی کاحساب دینے کیلئے تیار ہیں۔