ساہیوال میں جھال روڈ پر تجاوزات کیخلاف مہم شروع

ساہیوال(بےورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی ہدایت پر میونسپل کارپوریشن نے جھال روڈ پر تجاوزات کے خلاف مہم شروع کر دی ،ساہیوال کو لاہور سے ملانے والی اس اہم سڑک کے اطرف ہر طرح کی تجاوزات ختم ہونے تک کارروائی جاری رکھی جائےگی۔ واضح رہے کہ جھال روڈ پر نئے اوور ہیڈ برج کی تعمیر سے اس اہم سڑک پر ٹریفک میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے لیکن سڑک کے دونوں طرف تجاوزات کی بدولت سفر کرنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ان مشکلات کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر شعیب اقبال سید نے کارپوریشن کو ہر قسم کی تجاوزات ختم کرنے کی ہدایت کی جس پر ایکشن شروع کر دیا گیا ہے۔دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی ہدایت پر میونسپل کارپوریشن کی گرلز کالج روڈ پر خصوصی صفائی مہم ،سڑک کے دونوں کناروں پر جمع تمام کوڑے اور مٹی کو صاف کیا گیا،کمشنر کی طرف سے سینٹری سٹاف کو روزانہ بر وقت ڈیوٹی پر پہنچنے کی ہدایت-اپنے دفتر میں میونسپل کارپوریشن اورپسپ کی کارکردگی کے مشترکہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ کارپوریشن شہر کی تمام معروف سڑکوں کی خصوصی صفائی بھی کرائے اور چیف آفیسر ذاتی طور پر جا کر سینٹری ورکرز کی حاضری چیک کریں۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کو آرڈی نیشن شفیق احمد ڈوگر ،ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹرسیف اللہ ،اے سی جنرل وقاص ظفر،میونسپل کارپوریشن کے افسران محمد اشفاق اور غلام عباس اور سٹی منیجر پسپ اسجد علی سمیت متعلقہ افسران بھی شریک ہوئے -کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے گرلز کالج روڈ پرمحکمہ پبلک ہیلتھ کی طرف سے سیوریج لائن ڈالنے کے بعد ناقص مرمت پر ناراضگی کا اظہار کیا اور اسے فوری طور پر بہتر کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے پی ایچ اے کو بھی ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر گرین بیلٹس کی صفائی کریں۔ انہوں نے فرید ٹاﺅن سے ملحقہ خالی جگہ اور جھال روڈ کے اطراف کوڑے کے ڈھیراٹھانے کی بھی ہدایت کی۔دوسری طرف ساہیوال بورڈ کے زیر اہتمام کلاس نہم کے ریاضی کا پرچہ آﺅٹ ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر ساہیوال /چیئر مین بورڈ شعیب اقبال سید نے معاملے کی مکمل تحقیقات کےلئے 4رکنی کمیٹی تشکیل دینے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں -کمیٹی کی سربراہی ایڈیشنل کمشنر کو آرڈی نیشن شفیق احمد ڈوگر کریں گے جبکہ ممبران میں ڈائریکٹر کالجز پروفیسر مسعودفریدی، پرنسپل گورنمنٹ امامیہ کالج محمدشہزاد رفیق اور اسسٹنٹ کمشنر جنرل وقاص ظفر شامل ہیں -کمیٹی ذمہ داران کا تعین کرنے کے ساتھ ساتھ مستقبل میں ایسے واقعات کو روکنے کے لئے تجاویز بھی دے گی اور تین دن میں اپنی رپورٹ کمشنر ساہیوال کو جمع کروائے گی ۔واضح رہے کہ 26اپریل کو گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول اوکاڑہ میں ریاضی لازمی کے گروپ فرسٹ میں گروپ سکینڈ کا پیپر تقسیم ہوا جس کی وجہ سے گروپ سکینڈ کاپیپر منسوخ کرنا پڑا ۔