سروسز ہسپتال میں مریضوں کے علاج میں غفلت برداشت نہیں کرینگے:ڈاکٹر جاوید اکرم

لاہور (ہیلتھ رپورٹر)نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم اچانک سروسز ہسپتال لاہور پہنچ گئے۔سپیشل سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن سید واجدعلی شاہ بھی وزیر صحت کے ہمراہ تھے۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے سروسز ہسپتال میں ادویات اور ایکسرے فلمز کے سٹاک اور مزید فراہمی کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا۔پرنسپل سروسز انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل اور ایم ایس ڈاکٹر احتشام الحق نے اس حوالے سے نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کو بریفننگ دی۔ نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے مریضوں کی آسانی کیلئے زیر تعمیر پل کا بھی دورہ کیا۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے سروسز ہسپتال میں ادویات اورایکسرے فلمز کی دستیابی میں ناکامی پر پرنسپل سمزاور ایم ایس پرسخت برہمی کا اظہار کیا۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سروسز ہسپتال میں کسی مریض کے علاج میں غفلت برداشت نہیں کریں گے۔ پنجاب کے کسی بھی سرکاری ہسپتال میں مریضوں کو کوئی مشکل نہیں آنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر سرکاری ہسپتالوں کادورہ کررہے ہیں۔ محکمہ صحت کی پہلی ترجیح سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج بارے کوئی شکایت نہیں آنی چاہیے۔