گندم و چینی کی ذخیرہ اندوزی: لاہور ڈویژن کے تمام اضلاع میں چھاپے جاری، ہزاروں بوریاں برآمد

لاہور (کامرس رپورٹر) نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر لاہور ڈویژن کے تمام اضلاع میں گندم و چینی کی ذخیرہ اندوزی اور دوسرے اضلاع میں منتقلی کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر پرائیویٹ گوداموں،رائس ملز اور گھروں سمیت کمیشن شاپس پر چھاپوں کا عمل جاری ہیں اور چیک پوسٹوں پر غیر قانونی طور پر منتقل ہونےوالی ہزاروں بوریاں گندم قبضہ میں لےکر سرکاری گوداموں میں منتقل کی جارہی ہے۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب میاں رفیق احسن کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنرننکانہ صاحب سٹی اللہ توکل وٹو کی سربراہی میں نواحی قصبہ بچیکی میںگندم ذخیرہ کرنےوالوں کےخلاف کارروائی کی گئی۔دوران کارروائی نذیر رائس ملز بچیکی میں 8 ہزار سے زائد سٹاک کی گئی گندم کی بوریاں برآمد کرکے سرکاری گوداموں میں شفٹ کروا دی گئی ہیں۔بروقت کارروائی پر ڈپٹی کمشنرننکانہ صاحب میاں رفیق احسن نے اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ صاحب اللہ توکل وٹو، محکمہ خوراک،پولیس سمیت متعلقہ محکموں کی کارکردگی کو سراہاہے۔ڈپٹی کمشنرننکانہ صاحب نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں اب تک گندم کی منتقلی کرنے والوں سے 35400 سے زائد تھیلے برآمد کئے جاچکے ہیں۔دریں اثناءڈپٹی کمشنر قصور ارشد بھٹی کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ضلع بھر میں ذخیرہ اندوزوں اور گندم سمگلنگ کرنے والوں کیخلاف بلا تفریق کارروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں۔ضلعی انتظامیہ کی مختص کردہ ٹیموں نے کوڑے سیال، کھڈیاں خاص و دیگر چیک پوسٹوں پر کارروائیاں کرتے ہوئے 2ہزار480من گندم کی دوسرے اضلاع میں سمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنا کر گندم کو بحق سرکار ضبط کر لیا ہے۔