ہنگری کا بھی یوکرینی اشیا کی خریداری نہ کرنے کا فیصلہ، یورپی یونین ناراض

وارسا (مشرق نیوز) پولینڈ کے بعدیورپی یونین کے ایک اور رکن ہنگری کا بھی یوکرین سے غذائی اشیا کی درآمدات پر پابندی کا فیصلہ، یورپی یونین نے فیصلوں کو یکطرفہ اقدامات قرار دیتے ہوئے شدید برہمی کا اظہار کردیا۔ میڈیارپورٹس کے مطابق پولینڈ کے بعد ہنگری نے بھی یوکرین سے اناج، چینی، پھل، سبزیوں، تیلی بیجوں، ڈیری پراڈکٹس اور گوشت سمیت دیگر غذائی اشیا کے برآمد پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔پولینڈ کے وزیر اعظم ہاس سے جاری بیان کے مطابق پابندی کا فیصلہ ملکی زرعی مارکیٹ کو عدم استحکام سے تحفظ فراہم کرنے کیلئے کیا گیا ہے جبکہ ہنگری کا کہنا ہے کہ یوکرین سے غیر معیاری اشیا کی برآمد اور یورپی یونین کے بامقصد اقدامات کی عدم موجودگی کے باعث عارضی پابندی کا فیصلہ کرنا ناگزیر ہو گیا تھا۔دونوں رکن ممالک کی جانب سے یوکرینی غذائی اشیا کی درآمدات پر پابندی کے فیصلوں کو مسترد کرتے ہوئے یورپی یونین کے ترجمان نے کہا کہ یورپین کمیشن پولینڈ اور ہنگری کی جانب سے پابندی کے فیصلوں کو مسترد کرتا ہے، انفرادی طور پر یونین کے رکن ممالک کو تجارتی پالیسی بنانے کا اختیار حاصل نہیں ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ یورپی یونین کی جانب سے کسی کو بھی یکطرفہ اقدامات کرنے کی قطعی اجازت نہیں دی جا سکتی ہے، یہ بات ذہن میں رکھنا انتہائی ضروری ہے کہ تجارتی پالیسی کا اختیار صرف یورپی یونین کے پاس ہے۔