ایرانی پاسداران انقلاب کاخلیج میں سمگل شدہ ایندھن لے جانے والے بحری جہازپرقبضہ

تہران (مشرق نیوز) ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب نے ساڑھے چودہ لاکھ لیٹر اسمگل شدہ ایندھن لے جانے والے ایک غیرملکی بحری جہاز کو قبضے میں لے لیا ہے۔ایران کی سرکاری خبررساں ایجنسی نے جنوب مغربی صوبہ بوشہر کے چیف جسٹس مہدی مہرانگیز کے حوالے سے بتایا کہ جہاز کے عملہ کے 10 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔البتہ انھوں نے عملہ کے ارکان کی قومیت کے بارے میں کوئی تفصیل فراہم نہیں کی۔عدالتی حکام فی الحال عملہ کے ارکان کی مناسب سزا کا تعین کرنے کے لیے معاملے کا جائزہ لے رہے ہیں۔انھوں نے مزید بتایا کہ جہاز خلیجی ممالک میں سے ایک کی طرف جا رہا تھا۔ایران زرتلافی اور اپنی قومی کرنسی کی قدرمیں نمایاں کمی کی وجہ سے عالمی سطح پر ایندھن کی سب سے کم قیمتوں کے لیے جاناجاتا ہے۔وہ اپنی سرحدوں سے ہمسایہ ممالک اور خلیجی ریاستوں کو سمندری راستوں کے ذریعے ایندھن کی بڑے پیمانے پراسمگلنگ سے نبردآزما ہے۔ایران سے پڑوسی ملک پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں بھی گاڑیوں اور سمندری راستے سے تیل کی بھاری مقدار سمگل کی جاتی ہے لیکن دونوں ملکوں کے حکام تیل کی اسمگلنگ کے اس دھندے پرقابو پانے میں ناکام ہیں۔