اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر صنعت و پیداوار سید مرتضیٰ محمود نے کہا ہے 5ارب کی لاگت سے وزیراعظم رمضان ریلیف پیکیج پر عملدرآمدکا آغازہوگیا ،حکومت مشکل حالات کے باوجود عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کررہی ہے،شخصیات کی بجائے پالیسی سازی پر توجہ ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوٹیلیٹی سٹورز پر رمضان ریلیف پیکیج پربریفنگ دیتے ہوئے کیا،وفاقی وزیر نے کہایوٹیلیٹی سٹورز پر بی آئی ایس پی صارفین کیلئے آٹا40روپے کلو میں دستیاب ہوگا۔
دال چنا ،مسور 20 ، باسمتی چاول 20 ،گھی 215،دودھ 30 روپے اور مصالحہ جات پر 10 فیصد سبسڈی ہوگی،بی آئی ایس پی صارفین کو10 کلو آٹے کا تھیلا 400 روپے میں ملے گا،وفاقی حکومت کی ترجیح عوام کو دشواری و مہنگائی سے بچانا اور گھر کی دہلیز پر سہولتیں پہنچانا ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کی مشکلات کا ادراک کرتے ہوئے وزیر اعظم رمضان ریلیف پیکیج کا اعلان کیا ،حکومت 5ارب سبسڈی فراہم کرے گی ،عملدرآمدشروع ہو گیا ،وفاقی حکومت پہلے ہی یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے ذریعے عوام کو 5بنیادی اشیا خوردنوش رعایتی نرخوں پر فراہم کررہی ہے،عوامی سہولت کے تسلسل کو بر قرار رکھنے کیلئے وزیر اعظم نے ریلیف پیکیج کا دائرہ کار رمضان المبارک کی وجہ سے مزید بڑھا دیا جو عید الفطر تک جاری رہیگا ۔
سبسڈائزڈ اشیا کی تعداد 19ہو جائیگی جس میں آٹا، گھی، چینی، کوکنگ آئل،چائے، کھجور، بیسن، دال ماش، دال مونگ، دودھ، مشروبات، مصالحہ جات وغیرہ شامل ہیں، اقدام سے عوام کو ضروریات زندگی کی معیاری اشیا مزید کم نرخوں پر دستیاب ہوں گی،پیکیج کے تحت رمضان کے پورے مہینے سستی اشیاملیں گی،سبسڈی کے حصول کے طریقہ کار کو مزید آسان و شفاف بنانے کیلئے 2حصوں میں تقسیم کردیا،ٹارگٹڈ وجنرل سبسڈی ،ٹارگٹڈ سبسڈی صرف بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام(بی آئی ایس پی ) کے تحت رجسٹرڈ صارفین کیلئے ہوگی جبکہ جنرل سبسڈی سے پورے ملک کے عوام مستفید ہو سکیں گے۔
ٹارگٹڈ سبسڈی کے صارفین کو آٹا 10کلو بیگ 400، چینی 70،گھی 300روپے کلو میں فراہم کیا جائے گاجبکہ جنرل سبسڈی میں آٹے کا 10 کلو تھیلا 648، چینی 91،گھی 490روپے کلو میں دستیاب ہو گا،سفید چنے 20، سپر باسمتی چاول 20، سیلہ چاول 20 ، ٹوٹا چاول 20، بیسن50،چائے 100،کجھور50،مشروبات 30اور لٹر دودھ پر 30روپے سبسڈی دی جائے گی،مصالحہ جات پر بھی 10فیصد تک رعایت دی جائیگی۔
وزیراعظم رمضان ریلیف پیکیج پر عملدرآمدشروع،یوٹیلیٹی سٹورزپر متعدد اشیا سستی


















