لاہور ( نمائندہ خصوصی)ڈائریکٹر جنرل پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب فلائیٹ لیفٹیننٹ عمران قریشی نے کہا ہے کہ صوبہ بھر سے ترکیہ اورشام کے زلزلہ زدگان کے لئے امدادی سامان جمع کرنے میں ادارہ مصروف عمل ہے،پی ڈی ایم اے ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کی مدد کے لیے 20 کروڑ سے زائد کی رقم بذریعہ چیکس وصول کر چکا۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ ترکیہ اورشام کے زلزلہ متاثرین کیلئے پرائم منسٹر ریلیف فنڈ میں 10کروڑ کے عطیات بھی جمع کروائے جا چکے ہیں اور پنجاب کے شہریوں کی جانب سے ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کے لیے 160 ٹن وزنی امدادی سامان کولیکشن سنٹرز پر جمع کیا جا چکا ہے، پہلی کھیپ میں سو ٹن وزن پر مشتمل امدادی سامان ترکی اور شام کے زلزلہ متاثرین کے لیے این ڈی ایم کے حوالے کیا جا چکا ہے اور دیگر امدادی سامان کی پیکنگ کا عمل جاری ہے ۔
جلد امدادی سامان کی دوسری کھیپ بھی ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کے لیے روانہ کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ ترکیہ اور شام بجھوایا جانے والا امدادی سامان گیارہ مختلف اشیاءپر مشتمل ہے۔جس میں کھانے پینے کی اشیائ، گرم لباس، کمبل اور فوڈ ہمپرز و دیگر سامان شامل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ترکیہ اور شام بھجوائے جانے والے امدادی سامان میں کھانے پینے والی اشیاءکی فوڈ اتھارٹی سے ٹیسٹنگ بھی کروائی جا رہی ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کی امداد اور عطیات وصول کرنے کے لیے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز دفاتر میں کولیکشن سنٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں شہری عطیات اور امدادی سامان جمع کرا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم اے ضلعی انتظامیہ کی مدد سے ترکیہ اورشام کے زلزلہ زدگان کے لئے پورے پنجاب سے عطیات اکٹھے کر رہا ہے، پنجاب حکومت اور عوام مشکل کی اس گھڑی میں ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں۔
سامان کی دوسری کھیپ جلد ترکیہ ، شام بھیجیں گے‘عمران قریشی
















