پرانی وصولی کی اجازت کیسے دیں؟نیپرا کا اضافی سرچارج کی منظوری دینے سے انکار

اسلام آباد(بیورورپورٹ)پرانی وصولی کی اجازت کیسے دیں؟نیپرا کا اضافی سرچارج کی منظوری دینے سے انکار،تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی نے جون و جولائی کی موخر فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ پر سماعت کی ،پاور ڈویژن حکام نے موخررقم 300 یونٹس تک کے صارفین سے 8 ماہ میں وصول کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا وصولی زرعی شعبے سے بھی ہونی ہے، رقم 3 روپے 97 پیسے سے 14 روپے 24 پیسے تک بنتی ہے،چیئرمین نیپرا نے کہا جون و جولائی کی پرانی وصولی کی اجازت کیسے دیں؟ ایف سی اے کی اگست ستمبر میں وصولی کی منظوری دی تھی،پاور ڈویژن حکام نے کہا سیلاب کی وجہ سے 300 یونٹس تک کے گھریلو و زرعی صارفین کےلئے معاملہ موخر کیا،چیئرمین نیپرا نے کہا سپریم کورٹ احکامات کی روشنی میں پرانی وصولیاں کرنا ممکن نہیں ہو گا، سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق وصولیوں کا ایک وقت ہے، کیا وصولی موخر کرتے وقت ہم سے پوچھا گیا ؟،پاور ڈویژن حکام نے کہا اب وصولی مارچ سے اکتوبر تک 8 ماہ میں کرنا چاہتے ہیں،چیئرمین نیپرانے کہا معاملے کے قانونی پہلو کا جائزہ لیں گے، پرانے ایف سی اے کی وصولی کی اجازت کیسے دیں؟ پاور ڈویژن بتا دے، چاہے تو حکومت سپریم کورٹ سے رائے لے لے، سپریم کورٹ نے منفی ایڈجسٹمنٹ کی ادائیگی کےلئے 2 ماہ کاوقت دے رکھا ہے، سپریم کورٹ نے مثبت ایف سی اے وصولی کےلئے 4 ماہ کی اجازت دی ہوئی ہے،ممبر نیپرا مطہر رانا نے کہا عوام میں اب بجلی کے بل اداکرنے کی سکت ہی نہیں رہی ، بل ادا نہ کرنے کی سکت نہ ہونے کے باعث لوگ بجلی چوری کر رہے ہیں،پاور ڈویژن حکام نے کہا کچھ دن تو مشکل سے گزارنے ہیں،نیپرا نے سماعت مکمل کرلی مگر کوئی فیصلہ نہیں دیا۔