امارات پرحملہ‘حوثی باغیوں کیخلاف پٹریاٹ میزائل داغے‘ امریکہ

واشنگٹن:(لیڈر نیوز) امریکہ کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات پر حوثی باغیوں کے حملے کے دوران امریکی فورسز نے پیٹریاٹ میزائل داغے۔وائٹ ہاو¿س کی پریس سیکریٹری جین ساکی نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ امریکی فورسز نے حوثی باغیوں کی جانب سے بیلسٹک میزائل فائر کرنے کے جواب میں پیٹریاٹ زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائلوں کا استعمال کیا۔ یہ کارروائی متحدہ عرب امارات کی افواج کے ساتھ مل کر کی گئی۔پریس سیکرٹری نے مزید کہا کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے سیکرٹری دفاع کو ہدایت کی ہے کہ وہ متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کو حوثی باغیوں کے خلاف ہر ممکن مدد فراہم کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے اور تمام خطرات کے خلاف متحدہ عرب امارات اور اس کے عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے متحدہ عرب امارات کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔