انتخابات کا وقت نہیں، جامع حکومت ضروری ہے، طالبان

کابل:(لیڈرنیوز)افغان طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان سہیل شاہین نے کہا کہ افغانستان میں اب بھی اقتدار کا خلا موجود ہے ، اس لیے ملک کو پہلے ایک جامع حکومت کی ضرورت ہے۔چینی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے شاہین نے کہا کہ چین افغانستان میں امن اور مفاہمت کے فروغ میں تعمیری کردار ادا کرسکتا ہے۔طالبان ترجمان نے افغانستان کی تعمیر نو میں چین کے تعاون کا بھی خیر مقدم کیا۔سہیل شاہین نے کہا کہ افغانستان میں افغانوں پر مشتمل ایک نئی جامع حکومت کے لیے بات چیت جاری ہے ، تمام افغان نئی جامع حکومت کے فریم ورک میں زیر غور ہیں اور منتخب افغان شخصیات کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان میں اقتدار کا خلا ہے اور کسی قسم کے انتخابات کا وقت نہیں ہے جب ملک میں آئین نہ ہو اس لیے نیا آئین تیار کرکے منظور کیا جائے گا۔ پہلے ایک جامع حکومت بنانے کی ضرورت ہے۔