عید صفائی آپریشن ،3 لاکھ 60 ہزار ٹن آلائشیں بروقت ٹھکانے لگائی گئیں، عظمیٰ بخاری

لاہور:(نمائندہ خصوصی) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت و مسلسل نگرانی میں صوبے بھر میں جاری رہنے والا عید صفائی آپریشن کامیابی کےساتھ اختتام پذیر ہوا،ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت عید کے 3روز قربانی کے جانوروں کی 3 لاکھ 60 ہزار ٹن آلائشیں و دیگر ویسٹ بروقت ٹھکانے لگایا گیا،بڑے آپریشن میں ایک لاکھ 84 ہزار سے زائد ورکرز ،60 ہزار گاڑیوں نے صوبے کے شہری و دیہی علاقوں میں بلا تعطل صفائی کے فرائض انجام دئیے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا آلائشیں اٹھانے والی گاڑیوں نے مجموعی طور پر 60 لاکھ کلومیٹر سے زائد سفر کیا، لاہور سے اٹک ،ملتان سے رحیم یار خان و صادق آباد تک پنجاب کے تمام اضلاع میں بلا تفریق صفائی آپریشن جاری رہا،شہریوں کو تعفن ، ماحولیاتی آلودگی سے محفوظ رکھنے کےلئے عرق گلاب، فینائل ، چونے کا وسیع پیمانے پر استعمال، صوبے بھر میں تقریباً 4 ہزار سڑکوں کو عرق گلاب سے دھویا گیا۔

وزیر اطلاعات نے کہا ستھرا پنجاب کے عملے نے 60 ہزار مساجد، امام بارگاہوں اور عیدگاہوں کی صفائی بھی یقینی بنائی، ہیلپ لائن پر موصول ہونے والی 100 فیصد شکایات کا بروقت ازالہ کیا گیا،وزیراعلیٰ مریم نواز نے صفائی آپریشن میں غیرمعمولی خدمات انجام دینے والے ستھرا پنجاب کے ورکرز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے 10،10 ہزار روپے انعام کا اعلان کیا،عید صفائی آپریشن کی کامیابی پر پنجاب کے شہری اطمینان و مسرت کا اظہار کر رہے ہیں۔