ہانگڑو ،بیجنگ:(مشرق نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے پاک بیجنگ اقتصادی شراکت داری دونوں ممالک کے روشن مستقبل کی ضمانت ، قرض نہیں، مہارت و سرمایہ کاری چاہیے، چینی کمپنیاں زراعت، آئی ٹی، اکنامک زونز اور مائنز اینڈ منرلز میں سرمایہ کاری کریں،پاکستان ترقی کے سفر میں جلد چین کا ہم قدم ہوگا۔
بی ٹو بی انویسٹمنٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا پاکستان معدنیات، زراعت، آئی ٹی ،سیاحت کے شعبوں میں بے پناہ مواقع رکھتا ہے، دنیا بھر کے سرمایہ کار فائدہ اٹھا سکتے ہیں،صدر شی جن پنگ کی قیادت چین کی ترقی، کامیابی کی روشن مثال ،چین کے تجربات سے رہنمائی لےکر ملکی معیشت کو مضبوط بنایا جائے گا،پاکستان سرمایہ کاری و صنعتی ترقی کے نئے دور میں داخل ہو رہا ہے۔
وزیراعظم نے چینی سرمایہ کاروں کو زراعت، آئی ٹی ،مصنوعی ذہانت، خصوصی اقتصادی زونز اور کان کنی و معدنیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا سرمایہ کاروں کو ریڈ کارپٹ ،ون ونڈو سہولت فراہم کی جا رہی ہے،دونوں ممالک کو معاشی تعاون کے نئے سنگ میل تیزی سے حاصل کرنا ہوں گے،چین ہر سال 100ارب ڈالر کی زرعی مصنوعات درآمد کرتا ،پاکستان اعلیٰ معیار کی زرعی مصنوعات برآمد کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
شہبازشریف نے کہا پاک چین دوستی سمندر سے گہری، ہمالیہ سے بلند اور اب آسمانوں کو چھو رہی ہے،خوبصورت شہر ہانگڑو صدر شی جن پنگ کے وژن کا نتیجہ ہے، شی جن پنگ نے چین کو عالمی معاشی و عسکری طاقت بنایا، پاکستان جلد ترقی کے سفر میں چین کا ہم قدم ہوگا، چین کےساتھ اربوں ڈالر کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ،30فیصد ایم او یوزمعاہدوں میں تبدیل ،5سے 7سال میں زرعی تجارت10ارب ڈالر سالانہ تک لےجانے کا ارادہ ہے، کراچی میں6ہزار ایکڑ پر ورلڈ کلاس سپیشل اکنامک زون بنا رہے ہیں، ون ونڈو آپریشن اورریڈ کارپٹ ٹریٹمنٹ ملے گا۔
وزیراعظم نے کہا پاکستان کی نوجوان آبادی کو آئی ٹی ٹریننگ و عالمی سرٹیفکیشن دے رہے ہیں، چین کےساتھ تعاون کے 4 شعبے زراعت، آئی ٹی، اکنامک زونز، مائنز اینڈ منرل اہم ، ایم او یوز کو تیزی سے معاہدوں میں بدلنا وقت کی ضرورت ہے۔
دریں اثنا ہانگڑو سے بیجنگ پہنچنے پروزیراعظم شہباز شریف کاشاندار استقبال کیا گیا،صدر شی جن پنگ، وزیراعظم لی چیانگ سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقاتوں میںآل ویدر سٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید مضبوط بنایا جائےگا۔
قرض نہیں، سرمایہ کاری چاہیے،پاکستان ترقی کے سفر میں جلد چین کا ہم قدم ہوگا،وزیراعظم


















