امریکہ کی ایران کے ساتھ امن عمل کیلئے پانچ سخت شرائط منظرعام پر

واشنگٹن (مشرق نیوز) ایران اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی اور ممکنہ امن عمل کے تناظر میں ایک اہم پیشرفت سامنے آئی ہے جہاں واشنگٹن نے تہران کیلئے 5 سخت شرائط عائد کر دی ہیں۔ فارس نیوز ایجنسی کے مطابق امریکی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ ان شرائط کو پورا کئے بغیر دونوں ممالک کے درمیان امن عمل کو آگے نہیں بڑھایا جا سکتا۔

رپورٹ کے مطابق امریکہ نے ایران کے اس مطالبے کو مسترد کر دیا ہے جس میں ایرانی سرزمین پر بمباری سے ہونے والے نقصانات کے ازالے کیلئے معاوضہ طلب کیا گیا تھا۔ واشنگٹن نے دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی مالی ادائیگی کیلئے تیار نہیں، جنگ بندی کو بھی مذاکرات سے مشروط کیا جا رہا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکہ نے 400 کلوگرام افزودہ یورینیم کی منتقلی اور ایک جوہری تنصیب تک محدود کرنے کا مطالبہ کیا ہے، ایران کے صرف ایک جوہری مرکز کو فعال رکھنے کی اجازت دی جائیگی۔ امریکہ نے ایران کے منجمد اثاثوں میں صرف 25 فیصد تک نرمی پر آمادگی ظاہر کی ہے، اور لبنان سمیت تمام محاذوں پر کشیدگی کے خاتمے کیلئے مذاکرات پر زور دیا ہے۔