واشنگٹن (مشرق نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران پر فیصلہ کن حملہ پاکستان کے بعض بہت اچھے لوگوں کی درخواست پر روکا، وہ شخصیات ایران کے بہت قریب ہیں، میرا صبر اب جواب دے رہا ہے، افریقہ میں داعش کمانڈر ہلاک کر دیا ہے۔ ٹرمپ نے ایران سے متعلق کہا کہ ہر بار جب وہ ڈیل کرتے ہیں تو اگلے روز ایسا لگتا ہے کہ ہماری بات چیت ہوئی ہی نہیں، ان کے ساتھ کچھ مسئلہ ہے،اصل میں وہ پاگل ہیں۔
اسکے علاوہ چین سے واپسی پر ائیرفورس ون میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ جنگ بندی کے حق میں نہیں تھے مگر دوسری اقوام کے کہنے پر جنگ بندی کی، یہ جنگ بندی پاکستان پر نوازش تھی۔ صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تعریف کرتے ہوئے دونوں کو شاندار شخصیات قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے مجھے حملے سے روک دیا اور کہا کہ ہم ڈیل کرا دیں گے۔
علاوہ ازیں امریکی صدر ٹرمپ نے دورہ چین کامیاب اور تاریخی لمحہ قرار دیا۔ دورہ چین کے بعد واپس وائٹ ہاوس میں میڈیا سے گفتگو میں ٹرمپ نے کہاکہ چین کے ساتھ عظیم تجارتی معاہدے ہوئے ، ہمارے بہترین تعلقات ہیں ، آپ کو بہت سی چیزیں معلوم ہوں گی۔ اس سے پہلے صحافیوں سے گفتگو میں امریکی صدر نے کہاکہ انہیں ایران کا جوہری پروگرام 20 سال کے لیے معطل کرنے پر اعتراض نہیں لیکن ایران کا عزم حقیقی ہونا چاہئے، چین کے صدر شی جن پنگ کے ساتھ جوہری ہتھیاروں میں کمی اور تائیوان معاملے پر بات چیت ہوئی۔
ٹرمپ نے کہاکہ تائیوان سے متعلق امریکی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ، نہیں لگتا تائیوان پر کوئی تنازع ہونے جارہا ہے ، فی الحال تائیوان کو ہتھیار فراہم کرنے کی منظوری نہیں دی۔ علاوہ ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ امریکہ اور نائیجیریا نے مشترکہ کارروائی کے دوران داعش کا اہم کمانڈر ابو بلال المنوکی ہلاک کر دیا۔
امریکی صدر کے مطابق ابو بلال المنوکی داعش کا عالمی سطح پر دوسرا بڑا کمانڈر تھا، ابو بلال المنوکی دنیا کا متحرک ترین دہشت گرد تھا، دہشت گرد رہنما افریقہ میں چھپنے کی کوشش کر رہا تھا، امریکی انٹیلی جنس اس کی سرگرمیوں پر مسلسل نظر رکھے ہوئے تھی۔ انہوں نے کہا کہ ابو بلال المنوکی اب امریکی مفادات کے خلاف کارروائیوں کی منصوبہ بندی نہیں کر پائیگا، کارروائی کے بعد داعش کے عالمی نیٹ ورک کو بڑا دھچکا پہنچا ہے۔
آبنائے ہرمز پر صبر کا پیمانہ لبریز ہورہا ہے: امریکی صدر کی دھمکی


















