نیویارک:(بیورورپورٹ)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈارنے تنازع جموں و کشمیر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا سلامتی کونسل قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق منصفانہ حل جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کےلئے ناگزیر ہے۔
اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا بھارتی قیادت کے اشتعال انگیز اور نفرت آمیز بیانات علاقائی استحکام کو نقصان پہنچا رہے ہیں،سندھ طاس معاہدہ معطل رکھنے کا بھارتی فیصلہ بین الاقوامی قانون، معاہدے کی شقوں اور بین الریاستی تعلقات کے مسلمہ اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
دریں اثنا اسحاق ڈار نے چینی وزیر خارجہ وانگ ای سے ملاقات کی ،دونوں رہنماﺅں نے حالیہ علاقائی پیش رفت اور خطے سمیت دنیا میں پائیدار امن و استحکام کے فروغ کےلئے پاکستان کی جانب سے مذاکرات ،سفارت کاری کو آگے بڑھانے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا، وزیر خارجہ وانگ ای نے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے اپنی حمایت کا اعادہ کیا۔
اسحاق ڈارنے کولمبیا کی وزیر خارجہ ودیگر رہنماﺅں سے بھی ملاقاتیں کیں،اعلی سطح کے روابط کو مزید فروغ دینے اور دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
مزید برآں اسحاق ڈار نے پاکستانی کمیونٹی کو سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا پاکستان خطے اور دنیا میں امن کے فروغ کےلئے فعال و مثبت کردار ادا کررہا ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت نے ملک کو شدید معاشی چیلنجز سے نکال کر استحکام کی راہ پر گامزن کیا،پاکستان اب پائیدار اور تیز رفتار معاشی ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے، سمندر پار پاکستانی خصوصا امریکہ میں مقیم پاکستانی قیمتی اثاثہ ہیں۔
مسئلہ کشمیر پاکستان ،بھارت میں بنیادی مسئلہ ،پائیدار امن کیلئے حل ناگزیر ہے،اسحاق ڈار



















