پنجاب انسداد دہشتگردی ایکٹ میں نئی دفعہ شامل، علیحدہ عدالتی طریقہ کار متعارف


لاہور: (وقائع نگار)پنجاب انسداد دہشتگردی ایکٹ میں نئی دفعہ شامل، علیحدہ عدالتی طریقہ کار متعارف ،حکومت نے انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997 میں نئی دفعہ 21AAAشامل کرنے کی منظوری دےدی۔

مسودے کے مطابق گواہوں، ججوں ،پراسیکیوٹرز کی شناخت خفیہ رکھنے، محفوظ مقامات پر سماعت اور ورچوئل ٹرائل کی اجازت ہوگی، مخصوص دہشتگردی مقدمات کو خصوصی سکیورٹی کیس قرار دیا جاسکے گا،نامزد اتھارٹی کو اختیار ہوگا غیرمعمولی سکیورٹی خدشات والے مقدمات کو خصوصی سکیورٹی کیس قرار دے سکے۔

خصوصی سکیورٹی کیسز میں لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اے ٹی سی ججز میں سے خصوصی جج نامزد ،پراسیکیوٹر جنرل پنجاب 5پراسیکیوٹرز پر مشتمل پینل فراہم کریں گے، نامزد اتھارٹی پراسیکیوٹرز کے پینل میں سے ایک پراسیکیوٹر مقرر کرے گی،خصوصی سکیورٹی کیسز میں گواہوں کو اصل نام کی بجائے مخصوص شناختی کوڈ دئیے جائیں گے، خصوصی سکیورٹی کیسز میں ججز ، پراسیکیوٹرز کے نام سرکاری گزٹ میں شائع نہیں کئے جائیں گے، دہشتگردی مقدمات کا مکمل عدالتی ریکارڈ سیل کرکے لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے پاس محفوظ رکھا جائے گا،شناخت چھپانے کےلئے آواز تبدیل کرنے والی ٹیکنالوجی استعمال ، خصوصی سکیورٹی کیسز کی سماعت صرف محفوظ مقامات پر ہوگی۔