ٹرانسپورٹ کرایوں میں بلاجواز اضافے سے عوامی استحصال نہیں ہونے دینگے: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت ڈویژن میں پٹرولیم مصنوعات کی دستیابی کا جائزہ اجلاس۔ اجلاس میں آر پی او رانا ایاز سلیم، تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے سیکرٹریز اور ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنز کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کی دستیابی، قیمتوں اور ناپ تول کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتار چڑھاو اور سپلائی کے مسائل پر بھی غور کیا گیا جس کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے واضح کیا کہ عالمی صورتحال کے باوجود عوام پر اضافی بوجھ ڈالنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پٹرول کی قیمتوں میں ناجائز اضافی چارجز اور ناپ تول میں کمی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کے مرتکب عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اجلاس کے دوران تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی سے متعلق بریفنگ دی۔ اس موقع پر ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور ٹرانسپورٹرز نے موجودہ صورتحال میں حکومت کا مکمل ساتھ دینے کی یقین دہانی کروائی۔ آر پی او رانا ایاز سلیم نے ہدایت کی کہ عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹرانسپورٹ کرایوں میں بلاجواز اضافہ نہ کیا جائے اور کہا کہ عوام کے استحصال کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پٹرول پمپس اور ٹرانسپورٹ سیکٹر کی مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھی جائے گی تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے اور حکومتی احکامات پر سختی سے عملدرآمد ممکن بنایا جا سکے۔ علاوہ ازیں کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے ایسٹر کے موقع پر اپنے آفس کے مسیحی ملازمین میں عیدی تقسیم کی۔ اس موقع پر انہوں نے مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے تمام ملازمین کو ایسٹر کی دلی مبارکباد پیش کی۔اسسٹنٹ کمشنر جنرل غلام حسین بھٹی بھی تقریب میں موجود تھے۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے ملازمین کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی اور کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسیحی ملازمین نے سرکاری امور کی انجام دہی میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مذاہب کے ماننے والوں کا احترام اور ان کے تہواروں کی خوشیوں میں شمولیت ہمارے معاشرتی حسن کی عکاسی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت تمام ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے اور ایسے مواقع باہمی ہم آہنگی اور بھائی چارے کو فروغ دیتے ہیں۔ دوسری طرف کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل کا شہر کے دونوں لاری اڈوں کا تفصیلی دورہ، کرایوں کی مانیٹرنگ اور مسافروں کے لئے سہولیات بہتر بنانے کی ہدایت۔ اس موقع پر چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمد اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے مسافروں سے الیکٹرک بس کے کرایوں کے حوالے سے بھی معلومات لیں۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر حکومت پنجاب کی جانب سے الیکٹرک بس سروس مفت کر دی ہے اور مسافروںسے کوئی کرایہ وصول نہیں کیا جا رہا۔انہوں نے دیگر بسوں کے کرایوں کا بھی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ اوورچارجنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور مسافروں سے طے شدہ کرایہ ہی وصول کیا جائے۔کمشنر نے جنرل بس سٹینڈ میں عوامی سہولیات کو بہتر بنانے کیلئے پبلک واش رومز کی تعمیر اور داخلی راستوں پر ٹف ٹائل لگانے کی ہدایت کی تاکہ مسافروں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے میونسپل کارپوریشن کے افسران اور سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA) کو کرایوں کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مسافروں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے چیف آفیسر شیخ اشفاق احمد کو لاری اڈوں کے مسافر خانوں کو مزید بہتر بنانے اور سہولیات میں اضافہ کرنے کی بھی ہدایت کی۔