کھیلوں کے فروغ کیلئے مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کرنا ہوگا : کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت ڈویژنل سپورٹس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں کھیلوں کے فروغ سے متعلق اہم امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ، ڈویژنل سپورٹس آفیسر چوہدری نثار الحق، احسان الحق ادریس، پاکستان کبڈی ٹیم کے کپتان شفیق احمد چشتی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر خادم حسین موہل اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ کیلئے تمام اداروں کو مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کرنا ہوگا تاکہ ساہیوال ڈویژن میں موجود ٹیلنٹ کو سامنے لایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مربوط اقدامات کے ذریعے نوجوانوں کو کھیلوں کے بہتر مواقع فراہم کئے جائیں گے جس سے وہ نہ صرف اپنی صلاحیتوں کو نکھار سکیں گے بلکہ ملک و قوم کا نام بھی روشن کریں گے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ کھیلوں کے فروغ کیلئے ایک جامع پلان تیار کیا جائے جس میں مختلف کھیلوں کے مقابلوں، ٹیلنٹ ہنٹ پروگرامز اور سہولیات کی بہتری کو شامل کیا جائے تاکہ دیرپا اور مو¿ثر نتائج حاصل کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ، محکمہ تعلیم اور ساہیوال بورڈ باہمی تعاون سے اس جامع حکمت عملی پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔ اجلاس میں ایتھلیٹکس، کبڈی، کرکٹ، قومی کھیل ہاکی، فٹ بال، تائیکوانڈو، بیڈمنٹن سمیت دیگر کھیلوں کے انعقاد اور بہتری کیلئے تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ساہیوال ڈویژن میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو مزید فعال بنایا جائے گا اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔