علی پور چٹھہ میں ٹرانسپورٹرز کی جانب سے کرایوں میں خودساختہ اضافہ

علی پور چٹھہ میں ٹرانسپورٹرز کی جانب سے کرایوں میں خودساختہ اضافے سے دوسروں شہروں میں سفرکرنے والوں کو شدیدمالی مشکلات کاسامنا کرناپڑ رہاہے۔ شہر اور گردونواح میں ٹرانسپورٹرز کی جانب سے ازخود کرایوں میں ہوشربا اضافہ کر دیا گیا۔
علی پورچٹھہ سے گوجرانوالہ کا کرایہ دوسوتیس روپے، لاہورپانچ سوپچاس روپے، منڈی بہاؤالدین چارسو روپے، پھالیہ تین سو روپے، حافظ آباددوسو روپے، فیصل آبادسات سوپچاس روپے اور وزیرآباد کا کرایہ دوسوبیس روپے وصول کیاجارہاہے۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو جواز بنا کر ہر روٹ پر کم از کم پچاس روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹرز کھلے عام من مرضی کے کرائے وصول کر رہے ہیں اور کوئی پوچھنے والا نہیں۔
عوامی حلقوں نے الزام عائد کیا ہے کہ مبینہ طور پر منتھلی دے کر ٹرانسپورٹرز کو کھلی چھوٹ دی گئی ہے، جس کی وجہ سے انتظامیہ اس صورتحال پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔مسافروں، طلبہ اور محنت کش طبقے نے اس صورتحال پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ روزانہ سفر کرنے والے افراد کے لیے یہ اضافہ ناقابل برداشت ہو چکا ہے۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور مقررہ سرکاری کرایہ نامہ نافذ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔