امریکہ کا ایک اور ایف 35 لڑاکا طیارہ مار گرایا، ایران کا دعویٰ

تہران (مشرق نیوز) ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایک اور امریکی ایف 35 لڑاکا طیارہ مار گرایا ہے تاہم اس حوالے سے امریکی حکام کی جانب سے فوری طور پر کوئی تصدیق یا ردعمل سامنے نہیں آیا۔ ایرانی پاسداران انقلاب سے منسلک خبر رساں ادارے فارس نیوز کے مطابق اس طیارے کو وسطی ایران کی فضاوں میں پرواز کے دوران نشانہ بنایا گیا جو مکمل طور پر تباہ ہو کر زمین پر جا گرا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ طیارے کو شدید نقصان پہنچنے کے باعث پائلٹ کے بارے میں کوئی معلومات دستیاب نہیں ہیں۔ دوسری جانب مہر نیوز ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ طیارے کے تباہ ہونے کے دوران ہونے والے شدید دھماکے کے باعث امکان کم ہے کہ پائلٹ خود کو بچانے میں کامیاب ہوا ہو۔

ادھر امریکی سینٹرل کمانڈ نے اس دعوے پر فوری ردعمل نہیں دیا، تاہم اس سے قبل ایران کے اسی نوعیت کے ایک اور دعوے کو مسترد کیا جا چکا ہے۔ دفاعی ماہرین کے مطابق اس قسم کے دعووں کی آزاد ذرائع سے تصدیق ضروری ہے، جبکہ موجودہ صورتحال میں حقائق کی مکمل وضاحت سامنے آنا ابھی باقی ہے۔