مارکیٹس اور دکانیں صبح 9 سے شام 6 بجے تک کھولنے کی تجویز زیر غور

اسلام آباد (مشرق نیوز) وزارت توانائی نے ملک بھر میں توانائی کی بچت کیلئے چاروں صوبوں سے مشاورت کا عمل تیز کر دیا۔ وزارت توانائی کے ذرائع کے مطابق صوبائی حکومتیں چیمبرز اور تجارتی تنظیموں سے رائے لے رہی ہیں جبکہ ڈسکوز سے بھی متعلقہ ڈیٹا اکٹھا کیا جا رہا ہے۔

وزارت توانائی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بازار، مارکیٹس، دکانیں اور کمرشل زونز صبح 9 بجے سے شام 6 بجے تک کھلے رکھنے کی تجویز پیش کی گئی ہے جسے ایک سے 2 ماہ کیلئے لاگو کیا جا سکتا ہے۔وزارت توانائی آئندہ ہفتے لوڈشیڈنگ سے بچاو اور پیٹرول کی بچت کے حوالے سے بھی حتمی فیصلہ کریگی۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ایران، مشرق وسطیٰ اور خلیج سمیت پورے خطے میں جنگی صورتحال کے پیش نظر معیشت کے استحکام کیلئے کفایت شعاری، عوامی ریلیف، سادگی اور توانائی کی بچت کیلئے 14 نکاتی فیصلوں کا اعلان کیا تھا جس کے تحت اشرافیہ کیلئے مراعات کو محدود کرتے ہوئے سرکاری اخراجات میں کمی و بچت کی ہدایت کی گئی تھی۔