خیبرپختونخواہ، بارشوں میں حادثات سے 45 افراد جاں بحق، 105 زخمی

پشاور (مشرق نیوز) خیبرپختونخواہ کے بالائی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کی تباہ کاریاں جاری ہیں، بارش کے باعث بوسیدہ مکانات کی چھت گرنے سے بچے سمیت تین افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے، 25مارچ سے اب تک مختلف حادثات میں 45 افراد جاں بحق، 105 زخمی ہوئے۔

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق مختلف حادثات میں جاں بحق افراد میں 23 بچے اور 5 خواتین شامل ہیں، زخمی افراد میں 16 خواتین اور 45 بچے شامل ہیں، حالیہ بارشوں سے442 گھروں کو نقصان جبکہ 60 گھر مکمل طورپرمنہدم ہوئے،حادثات بنوں،ایبٹ آباد، مردان، باجوڑ، ہنگو، مہمند، کوہاٹ، شمالی وزیرستان، پشاور، خیبر،نوشہرہ میں پیش آئے۔

صوابی کے علاقے یار حسین میں بارش کے باعث گھرکی چھت گرگئی، ملبے تلے دب کر بچہ جاں بحق جبکہ بچے سمیت تین خواتین زخمی ہوگئیں، خیبر کے علاقے چورا میں بھی کچے مکان کی چھت زمین بوس ہو گئی،دو خواتین جان سے گئیں، دو زخمی بچوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا، لنڈی کوتل کے علاقے خوگہ خیل گونگی کلی میں بھی کمرے کی چھت گر گئی، ملبے تلے دب کر دو بچیاں زخمی ہوگئیں۔

دوسری جانب جنوبی وزیرستان میں لینڈسلائیڈنگ کے باعث بند وانا گومل زام روڈ چار روز بعد بھی بحال نہ کی جاسکی، جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، ضلعی انتظامیہ کے مطابق سڑک کی بحالی کیلئے ہیوی مشینری سے کام جاری ہے جبکہ ٹریفک کو جنڈولہ روڈ سے گزارا جا رہا ہے۔

مری میں بھی جھیکا گلی چوک ری ماڈلنگ پراجیکٹ لینڈ سلائیڈنگ کی نذر ہونے لگا، متعدد گھروں کی دیواروں، چھتوں اور برآمدوں میں بڑے شگاف پڑگئے، درجنوں درخت گرگئے، انتظامیہ نے متاثر علاقے کو خالی کرنے کا حکم دےدیا گیا، مساجد میں بھی اعلانات ہونے لگے، متاثرین نے سامان سمیت ایمرجنسی نقل مکانی شروع کردی۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا نیا سلسلہ 6 سے 9 اپریل تک جاری رہنے کا امکان ہے۔