اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیر مملکت داخلہ نے پارلیمنٹ لاجز فنڈز میں خوردبرد ہونے کا اعتراف کرلیا۔
قائمہ کمیٹی سینٹ کا اجلاس فیصل سلیم کی زیرصدارت ہوا ،اسلام آباد میٹرو بس سروس بل 2026 اور اسلام آباد رئیل سٹیٹ ریگولیشن ترمیمی بل 2026 پر بحث کو موخر کردیا گیا،دوران اجلاس پارلیمنٹ لاجز میں چوہوں اور دیمک کی شکایات کرتے ہوئے سینیٹرز پھٹ پڑے۔
سینیٹر وقار احمد نے پارلیمنٹ لاجز کی حالت زار کا معاملہ اٹھایا، طلال چودھری نے کمیٹی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا اس میں کوئی شک نہیں غیرمعیاری کام ہوئے ہیں، پارلیمنٹ لاجز کے فنڈز میں خورد برد بھی ہوئی ہوگی، نئے پارلیمنٹ لاجز کا منصوبہ التوا کا شکار تھا،سپیکر قومی اسمبلی نے ذاتی دلچسپی لےکر معاملے کو حل کرایا۔
وزیر مملکت نے کہا ایم این اے ہوسٹل میں غیرقانونی لوگ رہ رہے ہیں جنہوں نے لاکھوں روپے کرایے کی مد میں دینے ہیں، غیرقانونی طور پر رہنے والے زیادہ تر لوگ ایک ہی پارٹی سے ہیں،چیئرمین کمیٹی نے غیرقانونی لوگوں کی فہرست پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا میں میڈیا کو فراہم کروں گا۔
سینیٹر عمر فاروق نے کہا اگر ہم ان لوگوں کو نہیں نکال سکتے تو پھر کیا ہم نے ملک چلانا ہے؟اجلاس کے دوران سینیٹر وقار مہدی کی جانب سے این سی سی آئی اے کی کارکردگی پر سوالات بھی اٹھائے گئے، سینیٹر وقار مہدی نے بتایا کوئی شخص میرا نام لے کر لوگوں کو کالز کررہا ہے، 6ماہ سے درخواست دی ہوئی، این سی سی آئی اے کراچی والے کوئی کام نہیں کررہے۔
وزیر مملکت داخلہ کا پارلیمنٹ لاجز فنڈز میں خوردبرد ہونے کا اعتراف
















