پشاور (مشرق نیوز) خیبرپختونخوا کے سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی خریداری میں ایک ارب 30 کروڑ روپے کی مبینہ بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ محکمہ صحت نے مالی قواعد کی خلاف ورزی پر 24 ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے سخت کارروائی کی وارننگ دیدی۔
محکمہ صحت کے مطابق مختلف سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی خریداری کے دوران مالی نظم و ضبط کو نظر انداز کیا گیا، مقررہ طریقہ کار کے برعکس ادویات خریدنے، ڈرگ ٹیسٹنگ کلیئرنس کے بغیر ادائیگیاں کرنے اور مقررہ بجٹ سے زائد اخراجات کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
دستاویز کے مطابق کئی اسپتالوں میں مہنگے داموں ادویات خریدی گئیں جبکہ مقامی سطح پر خریداری میں بھی بے ضابطگیوں کے الزامات ہیں 80 فیصد بجٹ مقررہ طریقہ کار کے تحت خرچ نہ کرنے اور گزشتہ سال کے بقایاجات موجودہ بجٹ سے ادا کرنے کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔
بیشتر ہسپتالوں کا ادویات کا بجٹ قبل از وقت ختم ہو چکا ہے جبکہ ادویات کی خریداری کا مجموعی نظام غیر موثر قرار دیا گیا ہے۔ محکمہ صحت نے تمام متعلقہ حکام سے وضاحت طلب کرتے ہوئے سخت تادیبی کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔
خیبرپختونخوا،ادویات خریداری میں ایک ارب 30 کروڑ کی کرپشن
















