لاہور ، قصور میں سی سی ڈی کیساتھ مبینہ پولیس مقابلوں میں مزید 7ملزمان ہلاک

لاہور (کرائم رپورٹر) کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مبینہ پولیس مقابلوں میں پولیس کانسٹیبل کے قتل میں ملوث سمیت 7 ملزمان مارے گئے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہدرہ میں پولیس کانسٹیبل کے قتل میں ملوث ملزمان مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہوئے ۔ سی سی ڈی حکام کے مطابق ہلاک ملزمان کی لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے منتقل کر دی گئی ہیں جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ذرائع کے مطابق ملزمان نے 2019ءمیں ہیڈ کانسٹیبل اشفاق کو منشیات فروشی کی مخبری کرنے پر قتل کیا تھا۔ وقوعہ کے بعد ملزمان مبینہ طور پر اثرورسوخ کی وجہ سے قانون کی گرفت سے بچتے رہے۔سی سی ڈی حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے دونوں شوٹرز کی شناخت عمران بٹ اور عامر بٹ کے نام سے ہوئی ہے۔حکام کا مزید کہنا ہے کہ ملزمان کو نشاندہی کیلئے لے جایا جا رہا تھا کہ اسی دوران ان کے ساتھیوں نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دونوں ملزمان ہلاک ہو گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق کاہنہ اور گرین ٹاون کے مختلف علاقوں میں سی سی ڈی کے زیر تفتیش 4ملزمان مبینہ طور پر مقابلے کے دوران ہلاک ہو گئے ۔ ذرائع کے مطابق، سی سی ڈی صدر اور کاہنہ کے اہلکار دو دو زیر حراست ملزمان کی حفاظت کرنے میں ناکام رہے۔ کاہنہ کے علاقے میں مبینہ طور پر ملزمان کے ساتھیوں نے گھات لگا کر پولیس پارٹی پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں زیر حراست ملزمان عرفان اور آصف کو گولی لگ گئی۔ اسی طرح گرین ٹاﺅن کے علاقے میں شاہد اور بلال مبینہ ساتھیوں کی فائرنگ کا نشانہ بنے۔پولیس ذرائع کے مطابق چاروں ملزمان دوران ڈکیتی اور مزاحمت کے دوران گولیاں چلانے کے واقعات میں بھی ملوث تھے۔ سی سی ڈی صدر اور کاہنہ کے اہلکار مبینہ مقابلے میں محفوظ رہے۔چاروں ملزمان کو سی سی ڈی اہلکار ریکوری کیلئے لے جا رہے تھے جب یہ واقعہ پیش آیا۔ ہلاک ہونے والے ملزمان کے خلاف سی سی ڈی افسران نے فوری نوٹس لیا ہے اور واقعے کی تفتیش کے بعد 24گھنٹوں میں رپورٹ طلب کر لی گئی ہے جبکہ قصور بائی پاس کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا۔پولیس حکام نے بتایا کہ مرنے والا ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی مبینہ فائرنگ سے ہلاک ہوا، مرنے والے ڈاکو کی شناخت 30 سالہ جنید کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس حکام نے مزید بتایا کہ مرنے والے ڈاکو کی لاش کو ضروری کارروائی کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ اس کے فرار ہونے والے ساتھیوں کو پکڑنے کیلئے بھی کارروائی شروع کر دی گئی جنہیں جلد حراست میں لے لیا جائیگا۔