لاہور (کرائم رپورٹر) آئی جی پنجاب عبدالکریم سے پولیس ملازمین اور ان کے اہل خانہ نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔ آئی جی پنجاب نے پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ کے مسائل سنے اور فوری ریلیف کیلئے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے۔ تفصیلات کے مطابق، کانسٹیبل عامر کی تبادلہ منسوخی کی درخواست پر آئی جی پنجاب نے ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ٹو کو ضروری کارروائی کی ہدایت کی۔ شہید ہیڈ کانسٹیبل اشرف کے بھتیجے کی بھرتی کی درخواست پر ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو معاملہ زیرغور لانے کی ہدایت جاری کی گئی۔ مرحوم کانسٹیبل محمد ندیم کے والد کی بیٹے کی بھرتی کی درخواست پر ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اسی طرح مرحوم کانسٹیبل محمد ندیم کی بہن کی جانب سے بھائی کو شہید قرار دینے کی درخواست پر ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو ریلیف کے لیے ہدایات جاری کی گئیں۔ ڈرائیور کانسٹیبل منور حیات کے بیٹے کی بھرتی کی درخواست پر بھی ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی۔ ڈی ایس پی احسان اشرف کی چھٹی کی درخواست پر ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو ضروری کارروائی اور ریلیف کی ہدایت کی گئی۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ڈسپلن، ایڈمنسٹریشن، پروموشن اور ویلفیئر سے متعلق دیگر درخواستوں پر بھی احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس کے ملازمین اور ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود ان کی اولین ترجیح ہے اور درپیش مسائل کے بروقت اور موثر حل کو یقینی بنایا جائیگا۔ دریں اثناء آئی جی پنجاب کا شہداءکو خراج عقیدت پنجاب پولیس کے سربراہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عبدالکریم نے سانحہ لبرٹی چوک کے موقع پر سری لنکن کرکٹ ٹیم پر دہشت گرد حملے کے دوران شہید ہونے والے پولیس افسران و اہلکاروں کو ان کی 17ویں برسی پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔اپنے پیغام میں آئی جی پنجاب نے کہا کہ فرض کی راہ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداءپولیس قوم کا فخر ہیں اور ہم انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2009ءمیں آج ہی کے دن بہادر پولیس افسران اور جوانوں نے سری لنکن ٹیم پر ہونے والے دہشت گرد حملے کو ناکام بناتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور پیشہ وارانہ جرات و بہادری کی لازوال مثال قائم کی۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق شہداءمیں ٹریفک وارڈن تنویر اقبال، ہیڈ کانسٹیبل فیصل رشید، کانسٹیبل مدثر ندیم، کانسٹیبل ظفر اقبال، کانسٹیبل محمد سلطان اور کانسٹیبل ٹیپو فرید شامل ہیں جنہوں نے جام شہادت نوش کیا۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ پنجاب پولیس نے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ سمیت کھیلوں اور ثقافتی سرگرمیوں کی بحالی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اور یہ قربانیاں ہی پاکستان میں امن و استحکام کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید پولیس افسران اور جوانوں کی قربانیاں ہمیشہ دلوں میں تازہ رہیں گی اور ان کے اہل خانہ کی ویلفیئر اور دیکھ بھال کا سلسلہ بلا تعطل جاری رکھا جائے گا۔یاد رہے کہ 3 مارچ 2009ءکو لاہور کے علاقے لبرٹی چوک میں سری لنکن کرکٹ ٹیم کی بس پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا جسے ناکام بنانے میں پولیس اہلکاروں نے جرات و بہادری کی مثال قائم کی۔
ملازمین اور اہل خانہ کی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہے : آئی جی پنجاب
















