لاہور:(انویسٹی گیشن سیل،نمائندہ خصوصی ) پنجاب پولیس کے نئے سربراہ راوعبدالکریم نے چارج سنبھال لیا ،سنٹرل پولیس آفس آمدپر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، سینئر افسروں نے خوش آمدید کہا،آئی جی پنجاب نے شہدا کی یادگار پر حاضری دی ،فاتحہ خوانی کی، سلامی تقریب کے بعد اپنے دفتر میں ایڈیشنل آئی جیز ، ڈی آئی جیزسمیت دیگر سینئر افسروں سے ملے، ترجیحات پراہم اجلاس کی صدارت بھی کی۔
میڈیا نمائندگان کو اپنی پالیسی ترجیحات بتاتے ہوئے راوعبدالکریم نے کہا وزیراعلیٰ مریم نواز کے ویژن کے مطابق شروع کیے گئے منصوبوں کو مزید بہتری کےساتھ جلد از جلدمکمل کرایا جائیگا،پولیس کا بنیادی مقصد امن وامان قائم کرنا، عوامی جان و مال کا تحفظ ،بے لوث خدمت ترجیح ہے، شہریوں میں احساس تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے پبلک آرڈر ہر صورت برقرار رکھا جائےگا،تھانہ کلچر میں بہتری آئی ،مزید بہتری لائی جائے گی۔
آئی جی پنجاب نے کہا دہشتگردی ،ملک دشمن عناصر کےخلاف اقدامات کو مزید موثر بنایا جائے گا ،آئین کی حکمرانی ،قانون کی مکمل پاسداری یقینی بنائیں گے،جرائم کے موثر کنٹرول کےلئے آئی ٹی بیسڈ ، جدید پولیسنگ کو فروغ ،پولیس شہدا کے اہلخانہ کو ہر ممکن سہولت ،ریلیف فراہم کیا جائے گا، پولیس فورس ،ملازمین کی فلاح و بہبود کےلئے بھرپور اقدامات جاری رکھے جائیں گے،پولیس فورس کا مورال بلند کرنے، فورس کو درپیش مسائل کے حل اورمحکمے کےلئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کیے جائیں گے۔
راوعبدالکریم نے کہا پہلے جزا پھر سزا کی پالیسی کے تحت شفاف، غیر جانبدار احتساب کو یقینی بنایا جائے گا ،نان پروفیشنلزم پر زیرو ٹالرنس کے تحت محکمانہ ،قانونی کارروائی میں کسی قسم کی تاخیر نہیں کی جائے گی ،ایمانداری سے کام کرنے والا ہی ٹیم کاحصہ رہے گا،کالی بھیڑوں کیلئے کوئی رعایت نہیں، میڈیا جرائم ،سماجی مسائل کی نشاندہی کرتا رہے تاکہ بروقت و موثر اقدامات کے ذریعے معاشرہ دشمن عناصر کا قلع قمع کیا جا سکے۔
قبل ازیںوفاقی حکومت نے راوعبدالکریم کوآئی جی پنجاب، ڈاکٹر عثمان انو ر کوڈی جی ایف آئی اے تعینات کرنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا۔
راوعبدالکریم کا تعلق پولیس سروس آف پاکستان کے 24 ویں کامن سے ہے،شمار انتہائی پروفیشنل، منجھے اور تجربہ کار بہترین افسروں میں ہوتا ہے،بطور ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی، کمانڈنٹ پی سی، ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب، آر پی او گوجرانوالہ، ڈی آئی جی ٹیلی کمیونیکیشن کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں،آئی جی پنجاب کا تعلق نواب شاہ سے ہے،1996 میں بطور اے ایس پی پولیس سروس پاکستان جوائن کی، اے ایس پی یو ٹی سکھر، ایس ڈی پی او سکھر سٹی، لطیف آباد حیدر آباد، چنیوٹ کے عہدوں پر فرائض سر انجام دئیے،بطور ایس پی گوجرانوالہ، لاہور اور شیخوپورہ خدمات انجام دیں،ڈی پی او میانوالی، قصور ، جھنگ میں بھی خدمات انجام دیتے رہے،ادھر رفعت مختار کو تبدیل کر کے افسر بکار خاص بناتے ہوئے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔
کمان سنبھال لی،عوام کا تحفظ،لا اینڈ آرڈر کنٹرول کرنا ترجیح ہے، آئی جی پنجاب
















