سکیورٹی فورسز کا باجوڑ میں آپریشن، بھارتی سپانسرڈ 5 دہشت گرد ہلاک، میجر شہید

راولپنڈی، پشاور (بیورو رپورٹ) سکیورٹی فورسز نے خفیہ آ ٓپریشن کے دوران بھارتی حمایت یافتہ 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا،آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ضلع باجوڑ کے علاقے خار میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، کارروائی فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی،شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی حمایت یافتہ 5 دہشت گرد جہنم واصل ہو گئے، فائرنگ کے تبادلے میں میجر عدیل زمان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے، مارے گئے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا، ہلاک دہشت گرد سکیورٹی فورسز پر حملوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے،میجر عدیل زمان نے فرنٹ سے فوجی جوانوں کو لیڈ کیا اور بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا،شہید میجر عدیل زمان کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے ہے،آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں مزید بھارتی اسپانسرڈ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے،دریں اثناوزیراعظم شہباز شریف نے باجوڑ کے علاقے خار میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے خوارج کے خلاف کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا، وزیراعظم نے آپریشن میں 5 خوارج کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پذیرائی کی،شہباز شریف نے آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کرنے پر میجر عدیل زمان کو خراج عقیدت پیش کیا، وزیر اعظم نے میجر عدیل زمان کی بلندءدرجات کی دعا اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا،وزیراعظم نے کہا آپریشن عزم و استحکام کے تحت سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے، ملک کو ہر قسم کی دہشت گردی سے پاک کریں گے،وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا شہید میجر عدیل زمان نے دلیری سے 5 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا، میجر عدیل زمان نے جان دے کر بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا، شہید میجر عدیل نے اپنے خون سے شجاعت اور جرات کی تاریخ لکھی، شہید میجر عدیل جیسے بہادر سپوتوں پر قوم کو ناز ہے،محسن نقوی نے کہا قوم شہداءاور خاندانوں کے قرض کو کبھی نہیں اتار سکتی،علاوہ ازیں سوات اور لکی مروت میں فائرنگ کے واقعات میں 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے، سوات کے علاقے سنگوٹہ میں چھٹی پر گھر آنے والے پولیس اہلکار حماد علی کو گھر کے قریب فائرنگ کرکے نشانہ بنایا گیا،لکی مروت تھانہ پیزو کی حدود میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے اے ایس آئی ممتاز علی شہید ہوگئے۔