برآمدات پر حکومتی ہدف ،آئی ایم ایف تخمینے میں اربوں ڈالر کا فرق


اسلام آباد:(بیورورپورٹ) برآمدات پر حکومتی ہدف ،آئی ایم ایف تخمینے میں اربوں ڈالر کا فرق سامنے آگیا۔

حکومت نے 2030 تک ملکی برآمدات 60 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے تاہم آئی ایم ایف نے ہدف کے برعکس پیشگوئی کرتے ہوئے کہا 2030 تک پاکستانی برآمدات 46 ارب ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے،اگلے سال پاکستان کی مجموعی برآمدات 36 ارب 46 کروڑ ڈالر تک جائیں گی، مالی سال 2028 میں برآمدات 40 ارب ڈالر ، 2029 میں تقریبا 43 ارب ڈالر رہیں گی۔

عالمی مالیاتی فنڈ نے مجموعی درآمدات میں 2030 تک 18 ارب 70 کروڑ ڈالر اضافے کا تخمینہ لگایا ،آئی ایم ایف نے 2030 تک پاکستانی معیشت میں نمایاں اضافے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہامالی سال 2026 سے 2030 کے دوران جی ڈی پی سائز میں مجموعی طور پر تقریباً 68 ہزار ارب اضافہ ہوگا تاہم رواں مالی سال کےلئے مقررہ ہدف ایک لاکھ 29 ہزار 517 ارب حاصل نہیں ہو سکے گا، موجودہ مالی سال میں جی ڈی پی سائز ایک لاکھ 26 ہزار ارب تک بڑھنے کا امکان ہے۔

دستاویز کے مطابق ٹیکس آمدن اہداف پورے ہونے کے امکانات کم ہیں، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) 2030 تک ٹیکس برائے جی ڈی پی تناسب 15 فیصد تک نہیں پہنچا سکے گا، آئندہ مالی سال تناسب 11.2 فیصد ،2028 سے 2030 کے دوران کم ہو کر 11.1 فیصد تک محدود رہ سکتا ہے،ایف بی آر رواں مالی سال 13 ہزار 979 ارب ٹیکس جمع کرے گا جو 2030 تک بڑھ کر تقریباً ساڑھے 21 ہزار ارب تک پہنچ سکتا ہے،خسارہ پورا کرنے کےلئے مالی سال 2026 سے 2030 تک پاکستان کو مجموعی طور پر تقریباً 28 ہزار ارب کی فنانسنگ درکار ہوگی ، قریباً 2 ہزار 300 ارب بیرونی ذرائع سے حاصل کیے جائیں گے۔

آئی ایم ایف کے مطابق 2030 تک واجب الادا قرضوں کا حجم بڑھ کر ایک لاکھ 17 ہزار 441 ارب تک پہنچ سکتا ہے تاہم قرضوں کا تناسب جی ڈی پی کے مقابلے میں بتدریج کم ہونے کا امکان ہے، رواں مالی سال کے اختتام تک شرح 72 ،2030 تک کم ہو کر 60.7 فیصد تک آ سکتی ہے۔