دہشتگردوں کے روک تھام کی پختہ یقین دہانی تک پاک افغان سرحد بند رہے گی،پاکستان

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)پاکستان نے دوٹوک پیغام دیا ہے دہشتگردوں کے روک تھام کی پختہ یقین دہانی تک پاک افغان سرحد بند رہے گی،نہیں چاہتے شہری دہشتگردی کا نشانہ بنیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا سعودی عرب میں پاک افغان مذاکرات کی میڈیا رپورٹس دیکھیں، میرے پاس کوئی نئی معلومات نہیں ، مسئلہ صرف کالعدم ٹی ٹی پی یا ٹی ٹی اے نہیں، افغان شہری بھی سنگین جرائم میں ملوث رہے ، سرحد کی بندش کے تناظر کو اسی حقیقت میں سمجھا جائے،تجارتی گزر گاہیں ،بارڈر کراسنگ بدستور بند ہیں،افغانستان کے عوام سے کسی قسم کا اختلاف نہیں، بھائی بہن ہیں، بارڈر بندش کے سکیورٹی اسباب ہیں،افغان عوام کےلئے امدادی راہداری میں پاکستان ہمیشہ مثبت رہا ، بارڈر پالیسی کا تعلق دہشتگردی کے خاتمے کیلئے عملی تعاون سے ہے، افغان حکومت یقین دہائی کرائے دہشتگرد و پرتشدد عناصر پاکستان میں داخل نہیں ہوں گے جب تک افغانستان کی جانب سے پختہ یقین دہانی نہیں کرائی جاتی تب تک پاک افغان سرحد بند رہے گی۔

طاہر اندرابی نے کہا ترکیہ وفد کے نہ آنے کی وجہ شیڈولنگ یا پھر طالبان کی طرف سے عدم تعاون ہوسکتاہے،سرحد کی بندش اپنی حفاظت کےلئے کی گئی ،نہیں چاہتے شہری دہشتگردی کا نشانہ بنیں،صدر پیوٹن کا دورہ بھارت خودمختار ممالک کا باہمی معاملہ ،دونوں کے ممکنہ دفاعی معاہدوں پر پاکستان کی کوئی مخصوص پوزیشن نہیں ، ریاستیں اپنے دو طرفہ تعلقات بڑھانے میں خودمختار ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا بھارتی حکومت کی مسلمانوں کےخلاف امتیازی پالیسیوں پر تشویش ہے، ریاستی سرپرستی نے انتہا پسند تنظیموں کو مزید دلیر بنا دیا ،مسلم مذہبی علامتوں و تاریخی ورثے کو نقصان پہنچانے کے ہر عمل کا شفاف احتساب ضروری، کسی بھی مقدس مقام کی بے حرمتی مذہبی مساوات کے اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔

طاہر اندرابی نے کہا اسرائیل کےساتھ کسی قسم کا تعاون نہیں ہورہا، جاسوسی یا سپائی ویئر کی تمام رپورٹس محض قیاس آرائیاں ہیں،افغانستان کےساتھ سرحد امدادی کارروائی کےلئے کھولی،صرف یو این کی امدادی اشیا کو استثنیٰ دیا، امدادی ترسیل کا آغاز مرحلہ وار ہوگا، تینوں کیٹیگریز کے شیڈول کی تاریخیں بعد میں فراہم کی جائیں گی، متعلقہ شیڈول وزارت کے ریکارڈ سے چیک کر کے فراہم کیا جائےگا، افغان ،بھارتی حکام کے بڑھتے رابطوں پر اقوام متحدہ کی رپورٹ سے آگاہ نہیں، بھارت ،افغانستان کا سفارتی و تجارتی سطح پر معمول کا تعاون قابل اعتراض نہیں، مسئلہ تب ہوتا ہے جب تیسرا ملک پاکستان کو زیرو سم انداز میں دیکھ کر افغانستان سے تعاون بڑھائے،پاکستان معاملے کی مسلسل نگرانی اپنے تحفظات اٹھاتا رہے گا۔