رواں سال کے آخری سپر مون کا پاکستان میں واضح نظارہ ممکن

لاہور: (خبر نگار) رواں سال کا آخری سپر مون پاکستان بھر میں واضح طور پر دیکھا جا سکے گا۔

سپارکو کے مطابق سپر مون تب بنتا جب چاند اپنی بیضوی مدار کے زمین سے قریب ترین مقام پر پہنچے اور اسی وقت مکمل طور پر روشن بھی ہو، قربت کی وجہ سے چاند عام دنوں کے مقابلے میں قدرے بڑا اور زیادہ روشن نظر آتا ہے۔

اعلامیے کے مطابق سپر مون شام 4بج کر 58منٹ پر 99.2فیصد روشن حالت میں طلوع ہوگا، 5دسمبر کی صبح 4بج کر 15منٹ پر اپنے عروج پر ہوگا تب روشنائی 99.8فیصد تک پہنچ جائے گی اس دوران چاند کا زمین سے فاصلہ تقریباً 357,218 کلومیٹر ہوگا، عام مکمل چاند کے مقابلے میں 7.9فیصد بڑا اور 15 فیصد زیادہ روشن دکھائی دے گا،فلکیات کے شائقین پاکستان بھر میں 4اور 5دسمبر کی پوری رات شاندار منظر کو باآسانی دیکھ سکیں گے۔