لاہور ( اپنے رپورٹر سے )صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں یونیورسل ہیلتھ انشورنس کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر)اظہر محمود کیانی، سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود خان، سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ بینش فاطمہ ساہی، سی ای او پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر علی رزاق و دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام میں مزید بہتری لانے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا ۔پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے مختلف آراءو تجاویز پیش کی گئی۔خواجہ سلمان رفیق کو اجلاس کے دوران مانیٹرنگ فریم ورک،سروس ڈلیوری اور مریضوں کی سہولت کی خاطراٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام میں شفافیت کو یقینی، سروس کا معیاربہتربنانے اور مریضوں کی آسانی کیلئے بہترین مانیٹرنگ کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں شعبہ صحت کی بہتری کیلئے جدید اصلاحات لائی جا رہی ہیں۔ حکومت پنجاب عوام کو بہترین، معیاری اور مفت علاج فراہم کرنے کے اپنے عزم پر قائم ہے۔شعبہ صحت کی مزید بہتری کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھیں گے۔ ام پینلڈ ہسپتالوں میں مریضوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں ۔ ام پینلڈ ہسپتالوں میں مریضوں کودر پیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔پنجاب کی عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں ۔
حکومت عوام کو معیاری و مفت علاج کی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے: سلمان رفیق
















