لاہور (مشرق نیوز) جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے قومی ٹیم کے سپورٹ سٹاف میں اضافے کا امکان ہے جس کا چیئرمین پی سی بی کی منظوری کے بعد باقاعدہ اعلان ہوگا۔ ذرائع کے مطابق جنوبی افریقہ کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کیلئے سابق کرکٹر عمران فرحت کی بطور معاون بیٹنگ کوچ خدمات حاصل کی جاسکتی ہیں۔
سپن بولنگ کوچ عبدالرحمان اور فیلڈنگ کوچ عبدالمجید کو بھی ٹیم مینجمنٹ کا حصہ بنانے کی تجویز ہے۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے یہ تینوں کوچز اس وقت لاہور میں جاری قومی ٹیسٹ ٹیم کے کیمپ میں ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ ان کوسپورٹ سٹاف کا باقاعدہ حصہ بنانے کی تجویز پر حتمی فیصلہ جلد ہوگا۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 12 اکتوبر کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں جبکہ دوسرا ٹیسٹ 20 اکتوبر سے راولپنڈی میں شیڈول ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں میچوں کیلئے سپن ٹریک بنایا جاسکتا ہے۔ جس پر ساجد خان، نعمان علی اور آصف آفریدی کارگر ثابت ہوسکتے ہیں۔
جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ سیریز ، قومی ٹیم کے سپورٹ سٹاف میں اضافے کا امکان
















