تمام ہسپتالوں میں بخار کے مریضوں کیلئے الگ کاونٹرز قائم کرنے کی ہدایت

اسلام آباد (مشرق نیوز) وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے ہدایت کی ہے کہ تمام ہسپتالوں میں بخار کے مریضوں کیلئے الگ کاونٹرز قائم کئے جائیں تاکہ ڈینگی کے مشتبہ مریضوں کی فوری تشخیص اور علاج ممکن بنایا جاسکے۔ مصطفی کمال کی زیر صدارت ڈینگی کی موجودہ صورتحال پر اجلاس ہوا جس میں رکن قومی اسمبلی راجہ خرم شہزاد نواز، انجم عقیل خان، وفاقی سیکرٹری صحت اور ہسپتالوں کے سربراہان شریک ہوئے۔

وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی کی روک تھام کیلئے مربوط حکمت عملی تشکیل دیدی، ڈینگی وائرس سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات جاری ہیں۔ مصطفی کمال نے کہا کہ ڈینگی کے خاتمے کیلئے مربوط حکمت عملی اور عوامی سطح پر فوری اقدامات ناگزیر ہیں، انسداد ڈینگی کیلئے تمام متعلقہ ادارے مل کر کام کریں تاکہ شہریوں کو محفوظ رکھا جا سکے۔

انہوں نے ہدایت کرتے ہوئے مزید کہا کہ ڈینگی سے نمٹنے کیلئے تعینات عملے کی تین ٹیمیں تشکیل دی جائیں، ٹیموں کی تینوں ایم این ایز کے تحت ذمہ داریاں تفویض کی جائیں تاکہ فیلڈ ورک میں بہتر کوآرڈینیشن اور موثر کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔ مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ ڈینگی کے پھیلاو کو روکنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، عوامی آگاہی کے ساتھ ساتھ عملی اقدامات کو بھی یقینی بنایا جائیگا۔