ایشیا کپ میں اتوار کو پھر پاک بھارت ٹاکرا،قومی ٹیم کی پریس کانفرنس منسوخ


لاہور،دبئی:(سپورٹس رپورٹر،مشرق نیوز)ایشیا کپ میں اتوار کو پھر پاک بھارت ٹاکرا،دونوں ٹیمیں سپر فور مرحلے میں مدمقابل آئیں گی،میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 7.30پرشروع ہوگا،ایک بار پھر متنازع ریفری کا تقرر کردیا گیا ،کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق اینڈی پائی کرافٹ ہی میچ ریفری ہوں گے،قومی ٹیم کی شیڈول پریس کانفرنس منسوخ کردی گئی۔

دریں اثنا ٹیم مینجمنٹ ،کھلاڑیوں کے درمیان اہم سیشن ہوا، بیٹرز نے برملا اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے ٹیم مینجمنٹ کے مکمل اعتماد کا شکریہ ادا کیا، کوچ مائیک ہیسن نے کہا سٹرائیک کو روٹیٹ کرنا آنےوالے مقابلوں میں اہم ہو گا،بلے بازوں کےلئے کنڈیشنز آسان ہرگز نہیں۔

اہم کھلاڑی نے کہا ٹیم کو بڑی اننگز کی اشد ضرورت ہے ،آنےوالے مقابلوں میں بھرپور کوشش ہوگی نہ صرف وکٹ پر ٹھہراجائے بلکہ سنگلز ، ڈبلز بھی لیا جائے، کوچ مائیک ہیسن نے ٹیم سے سپر فور مرحلے میں عمدہ کھیل کی توقع کا اظہار کیا، کھلاڑیوں نے کہا آنے والے میچز میں بھرپور انداز میں اپنا کھیل پیش کرکے ٹیم کو فتح کے راستے پر گامزن کریں گے۔

علاوہ ازیں پی سی بی سے ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے کےلئے سائیکولوجسٹ کی خدمات حاصل کر لیں،سپورٹس سائیکولوجسٹ ڈاکٹر راحیل کھلاڑیوں کے ذہنی تناو کو دور ،پریشرہینڈل کرنے کے طریقے بتائیں گے۔