ریاض (مشرق نیوز) دنیائے فٹ بال کے عظیم کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی فٹ بال کلب النصر کے ساتھ دو سالہ نئے معاہدے پر دستخط کر دئیے جس کی مالیت اور مراعات نے فٹ بال حلقوں میں تہلکہ مچا دیا ہے اور یہ دنیا کے مہنگے ترین معاہدوں میں شمار ہو رہا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر النصر کے چیئرمین عبداللہ الماجد کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے رونالڈو نے لکھا کہ نیا باب شروع ہو چکا ہے، وہی جذبہ، وہی ارادے، آئیں مل کر تاریخ رقم کریں۔ تصویر میں رونالڈو نے اپنی نئی جرسی تھام رکھی ہے جس پر ”2007“ درج ہے۔ النصر کی جانب سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ معاہدے میں دو سال کی توسیع کی گئی ہے اور رونالڈو 2027 تک کلب کا حصہ رہیں گے۔
رونالڈو نے 2022 میں النصر کلب میں شمولیت اختیار کی تھی اور اب تک 105 میچز میں 93 گول سکور کر چکے ہیں۔ النصر سے قبل وہ مانچسٹر یونائیٹڈ سمیت یورپ کے بڑے کلبوں کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ پرتگال کے سٹار فٹ بالر اب تک اپنے کیریئر میں مجموعی طور پر 938 گول کر چکے ہیں اور ایک ہزار گولز کی جانب گامزن ہیں۔ ان کی قیادت میں پرتگال نے یوئیفا نیشنز لیگ اور یورو چیمپئن شپ جیسے بڑے اعزازات بھی جیتے ہیں۔
برطانوی سپورٹس ویب سائٹ ٹاک اسپورٹ کے مطابق اس معاہدے کے تحت رونالڈو کو سالانہ 178 ملین پاونڈز یعنی تقریباً 66 ارب پاکستانی روپے دئیے جائیں گے، اس حساب سے رونالڈو کی ایک دن کی تنخواہ 18 کروڑ ہوگی۔رپورٹ کے مطابق رونالڈو کو اس معاہدے میں بے شمار مالی مراعات بھی حاصل ہوں گی۔ انہیں پہلے سال میں 24.5 ملین پاونڈز بطور سائننگ بونس دیے جائیں گے جو دوسرے سال بڑھ کر 38 ملین پاونڈز ہو جائیں گے۔
اگر النصر کلب سعودی پرو لیگ جیتنے میں کامیاب ہوتا ہے تو رونالڈو کو 8 ملین پاونڈز یعنی تقریباً 28 کروڑ پاکستانی روپے کا بونس دیا جائیگا جبکہ ایشیائی چیمپئنز لیگ جیتنے پر مزید 6.5 ملین پاونڈز تقریباً 23 کروڑ پاکستانی روپے کی رقم ادا کی جائیگی۔اگر رونالڈو گولڈن بوٹ یعنی سب سے زیادہ گولز کرنے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرتے ہیں تو انہیں 4 ملین پاونڈز یعنی تقریباً 14 کروڑ پاکستانی روپے کا انعام ملے گا۔ اس کے علاوہ ہر گول پر انہیں 80 ہزار پاونڈز دئیے جائیں گے اور یہ رقم دوسرے سال 20 فیصد اضافے کے ساتھ ادا کی جائیگی جبکہ ہر اسسٹ پر بھی 40 ہزار پاونڈز دئیے جائیں گے جس میں دوسرے سال اضافہ ہوگا۔
اس معاہدے میں رونالڈو کو کلب کی 15 فیصد ملکیت بھی دی گئی ہے جس کی تخمینی مالیت 33 ملین پاونڈز یعنی تقریباً 116 کروڑ پاکستانی روپے کے قریب بتائی گئی ہے۔ مزید برآں انہیں 60 ملین یورو تقریباً 180 کروڑ پاکستانی روپے مالیت کی سپانسرشپ ڈیلز کی ضمانت بھی دی گئی ہے جبکہ ان کے نجی طیارے کے سالانہ 4 ملین یورو تقریباً 12 کروڑ پاکستانی روپے کے اخراجات بھی کلب برداشت کریگا۔
رونالڈو کا النصر سے مہنگا ترین معاہدہ، یومیہ کتنی تنخواہ و مراعات لیں گے؟
















