قوم نے جان لیا پی ٹی آئی کن کا پراجیکٹ ،وفاداریاں کس ملک کےساتھ ہیں،عظمیٰ بخاری

لاہور: ( اپنے رپورٹر سے)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے قوم نے جان لیا پی ٹی آئی کن کا پراجیکٹ ،وفاداریاں کس ملک کےساتھ ہیںجب جب قوم متحد ہوتی تحریک انصاف دشمن کی صفوں میں کھڑی نظر آتی ہے،جنگ نے بہت سارے چہروں کو بے نقاب کر دیا ،پوری قوم بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی تھی دوسری طرف گالم گلوچ برگیڈ حسب روایت قوم میں انتشار،جھوٹ اور افراتفری پھیلانے میں مصروف رہا۔

مشیر اطلاعات کے پی بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہنے کو آپ وزیر اطلاعات ہیں آپ کے پاس اطلاعات نہ معلومات ہوتی ہیں، آپ کو بنا بنایا بیان دیا جاتا ہے ،مریم نواز نے جنگ کے دنوں میں سب سے متحرک وزیراعلیٰ کا رول ادا کیا ،اپنی تقریروں سے پاک فوج کا مورال بڑھایا، پنجاب کے عوام میں جذبہ حب الوطنی جگایا،جب ڈرونز گر رہے تھے مریم نواز نے پنجاب کی سول انتظامیہ کو متحرک رکھا۔

وزیراطلاعات نے کہاعلی امین گنڈاپور جنگ کے دنوں میں اڈیالہ جیل کے چکر کاٹتے ،بدتمیزی کرتے رہے،بانی پی ٹی آئی کا بھی جنگ کے دوران کوئی بیان نہیں آیا،علیمہ خان نے جنگ کو ملی بھگت کہا ، پوری تحریک انصاف جنگ کے دوران منظر عام سے غائب رہی، سوشل میڈیا اپنے ہی ملک ، فوج کےخلاف مہم جوئی میں مصروف رہا،آپ لوگوں میں رتی برابر شرم و حیا نہیں رہی۔