لاہور (مشرق نیوز) پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں جہاں دونوں ممالک کے تعلقات مزید پیچیدہ ہوتے جا رہے ہیں، وہیں سوشل میڈیا پر بھی اس کا اثر نمایاں طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ حال ہی میں، اداکارہ عروہ حسین نے انسٹاگرام پر ایک سٹوری شیئر کی جس میں انہوں نے عزت نفس اور قومی وقار کے حوالے سے بات کی۔ اگرچہ عروہ حسین نے اپنی پوسٹ میں کسی کا نام نہیں لیا، لیکن ان کے الفاظ سے یہ تاثر ملا کہ ان کا اشارہ اداکارہ ہانیہ عامر کی جانب ہے جن کا انسٹاگرام اکاو¿نٹ بھارت میں بلاک ہونے کے بعد وہ بھارتی مداحوں کا شکریہ ادا کر رہی تھیں۔
عروہ حسین نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ پروپیگنڈا ایک ایسا ہتھیار ہے جو جنگوں میں استعمال ہوتا ہے، اور بدقسمتی سے ہم اسے دہائیوں سے بھگت رہے ہیں۔ جب جنگ ہوتی ہے تو آپ کو اپنی عزت نفس کا خیال رکھنا چاہیے اور اپنے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہونا چاہیے۔انہوں نے مزید لکھا اپنے گھر کا سب سے پہلے خیال رکھنا زیادہ ضروری ہے۔ ان کا یہ پیغام سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا اور صارفین نے فوراً ہانیہ عامر کا نام لیکر کہا کہ یہ پیغام انہی کیلئے ہے۔
یاد رہے کہ ہانیہ عامر نے بھارتی مداحوں کی جانب سے وی پی این کے ذریعے ان کے انسٹاگرام اکاو¿نٹ تک رسائی حاصل کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا تھا۔ ایک بھارتی مداح نے لکھا، ”ہیلو ہانیہ، وی پی این کا سبسکرپشن لیا صرف تمہارے لئے، لَو فرام انڈیا“، جس کے جواب میں ہانیہ نے لکھا، ”لَو یو“.... ایک اور مداح نے لکھا، ”ہم آپ کی پوسٹس مریخ سے بھی دیکھ لیں گے“، جس پر ہانیہ نے جواب دیا، ”صدقے“۔
تاہم، بھارت میں انسٹاگرام کی بندش کے بعد ہانیہ عامر کی پوسٹس پر لائیکس اور کمنٹس کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے۔ جہاں پہلے ان کی پوسٹس پر لاکھوں لائیکس آتے تھے، اب وہ چند ہزار تک محدود ہو گئے ہیں۔ یہ صورتحال نہ صرف ہانیہ عامر بلکہ دیگر پاکستانی فنکاروں کی مقبولیت پر بھی اثر انداز ہو رہی ہے۔
اپنی عزت نفس کا خیال رکھیں، عروہ حسین کی ہانیہ عامر پر تنقید
















