ججز ٹرانسفر کیس، وکیل درخواست گزار کو جواب الجواب کیلئے مہلت

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)ججز ٹرانسفر کیس میں سپریم کورٹ نے وکیل درخواست گزار کو جواب الجواب جمع کرانے کیلئے مہلت دےدی۔

جسٹس علی مظہر کی سربراہی میں 5 رکنی آئینی بنچ نے کیس پر سماعت کی،جسٹس علی مظہر نے درخواست گزار ججز کے وکیل منیر اے ملک کو مخاطب کرتے ہوئے کہاتمام فریقین کے تحریری جوابات آچکے ، کیا آپ جواب الجواب دینا چاہیں گے؟۔

سینئر وکیل منیر اے ملک نے جواب دیا جی میں جواب الجواب تحریری طور پر دوں گا، جسٹس علی مظہر نے استفسار کیا آپ کو کتنا وقت چاہیے ہوگا؟ وکیل نے جواب دیا آئندہ جمعرات تک وقت دےدیں،جسٹس علی مظہر نے کہا اتنا وقت کیوں چاہیے بہت سے وکلا نے دلائل دینے ہیں،کیس کو اتنا لمبا نہ کریں، آئندہ سماعت سے کارروائی 9:30سے 11 بجے تک ہوگی، فوجی عدالتوں کا کیس 11:30پرمعمول کے مطابق چلے گا،بعدازاں عدالت نے وکیل درخواست گزار کو جواب الجواب جمع کرانے کیلئے مہلت دیتے ہوئے سماعت 29 اپریل تک ملتوی کر دی۔

دریں اثنا رجسٹرار سندھ ہائیکورٹ نے جواب جمع کرا دیا،جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا سیکرٹری قانون کا جسٹس خادم سومرو کے تبادلے کا خط ملا، سیکرٹری قانون کا خط چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کو پیش کیا گیا،چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کی منظوری سے سیکرٹری قانون کو آگاہ کیا، سیکرٹری قانون نے جسٹس خادم سومرو کی رضامندی کے بعد تبادلے کا نوٹیفکیشن جاری کیا،رجسٹرار سندھ ہائی کورٹ نے جواب کے ہمراہ متعلقہ دستاویزات بھی جمع کرا ئیں،تبادلے پر ہونےوالی خط و کتابت اور نوٹیفکیشن بھی شامل ہیں۔