پولیو معاشرے کیلئے خطرے کا باعث ،اجتماعی کوششوں سے خاتمہ کرینگے،شہباز

اسلام آباد،لاہور:(بیورورپورٹ،خبر نگار )وزیراعظم شہباز شریف نے ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے حکومت پولیو کے انسداد کیلئے جامع و مربوط حکمت عملی پر عمل پیرا ہے، معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا،ان خیالات کااظہار انہوں نے پولیو مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

شہبازشریف نے کہا مہم 27اپریل تک ملک بھر میں جاری رہے گی ،مقصد پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کو یقینی بنانا ہے،پولیو جیسا موذی مرض صرف بچوں نہیں بلکہ پورے معاشرے کیلئے خطرے کا باعث ہے ،خاتمہ صرف حکومتی کوششوں سے ممکن نہیں بلکہ والدین، اساتذہ، علما، میڈیا، سول سوسائٹی اور ہر شہری کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔

وزیراعظم نے کہانہ صرف گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچا ئو کے قطرے پلائے جا رہے ہیں بلکہ پولیو ورکرز کی حفاظت کیلئے خصوصی سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ وہ بلا خوف و خطر قومی ذمہ داریاں انجام دے سکیں،عوام 5سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں،حکومت پولیو کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گی اور ہر قیمت پر بچوں کے روشن ، محفوظ مستقبل کو یقینی بنایا جائیگا۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے پی آئی اے کی لاہور تا باکو براہ راست پروازوں کے آغاز پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا باکو ، لاہور کے درمیان پی آئی اے کی براہ راست پروازوں کے آغاز سے شعبہ سیاحت کو فروغ ملے گا،لاہور تا باکو براہ راست پروازوں کی طرز پر دیگر دوست ممالک کیساتھ پی آئی اے کی براہ راست پروازیں جلد شروع کی جائیں گی،سفارتی سطح پر بڑی کامیابی ہے،آذربائجان خطے میں بہترین دوستوں میں سے ایک ہے، سیاحت سمیت دیگر شعبوں میں آذربائیجان کیساتھ اشتراک کیلئے کوشاں ہیں۔