لاہور (اپنے رپورٹر سے) پنجاب پولیس رحیم یار خان نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کی شہادت میں ملوث بدنام زمانہ ڈاکو کوڑا کوش ہلاک کر دیا جبکہ کلاشنکوف اور سینکڑوں گولیاں برآمد کر لی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ہلاک ڈاکو 2023ءمیں کچہ ماچھکہ میں 3 اور گذشتہ سال کچہ ماچھکہ میں 12 پولیس اہلکاروں کی شہادت میں ملوث تھا۔ ہلاک ڈاکو اغوا برائے تاوان، قتل اور ڈکیتی جیسی سنگین وارداتوں کے مقدمات میں بھی پولیس کو انتہائی مطلوب تھا۔ رحیم یار خان پولیس نے کچہ ماچھکہ کے علاقہ دولت آباد میں کوش گینگ کے ٹھکانوں کا گھیراو کیا۔ پولیس اور مسلح ڈاکووں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ پولیس نے ڈاکووں کی کمین گاہیں نذر آتش کر دیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ پولیس کی بھاری نفری بکتر بند گاڑیوں، جدید ہتھیاروں اور ایلیٹ کمانڈوز کے ہمراہ پیش قدمی جاری ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس اہلکاروں کی شہادت میں ملوث ڈاکو کو کیفرکردار تک پہچانے پر رحیم یارخان پولیس کو شاباش دی ہے۔ ڈی پی او رحیم یار خان رضوان عمر گوندل نے کہا کہ کچہ میں پائیدار امن کے قیام کیلئے ڈاکووں کی سرکوبی کا عمل جاری رہیگا۔ دوسری طرف پنجاب پولیس راجن پور نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے گزشتہ رات اغوا ہونے والے 3 مزدوروں کو واردات کے چند گھنٹوں میں بازیاب کروا لیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ مغویوں کو گزشتہ رات تھانہ بنگلہ اچھا کی حدود سے اغوا کیا گیا تھا۔اغواکار مغویان کو اندرون کچہ کی طرف لے کر جا رہے تھے۔ راجن پور پولیس نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران کچہ کریمنلز کا تعاقب کیا اور پولیس نے موثر پلاننگ سے آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران پولیس اور ڈاکووں کے مابین شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ پولیس کی پیش قدمی اور بھر پور جوابی کاروائی کی بدولت اغوا کار مغویان کو چھوڑ کرفرار ہوگئے۔ راجن پور پولیس نے بکتر بند گاڑیوں، ایلیٹ کمانڈوز اور بھاری اسلحہ سے لیس ہو کر آپریشن کیا۔ مغویوں کی بازیابی پر ورثاءنے پولیس کا شکریہ ادا کیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مغوی مزدوروں کو بازیاب کروانے پر راجن پور پولیس کو شاباش دی ہے۔
رحیم یار خان،بدنام زمانہ ڈاکو کوڑا کوش مقابلے میں ہلاک،اسلحہ برآمد
















