اب بھی وقت ہے پارلیمنٹ کا جوائنٹ سیشن بلایا جائے: سلمان اکرم راجہ

لاہور (اپنے نمائندے سے) پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے اب بھی وقت ہے پارلیمنٹ کا جوائنٹ سیشن بلایا جائے،نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا قومی سلامتی کمیٹی کی بند کمرے میں میٹنگ کا فیصلہ اچانک کیا گیا، ہمارے پاس کسی سے بھی مشاورت کرنے کا موقع نہیں تھا، اپوزیشن نے مشاورت کے بعد اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا، قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ درست تھا، بانی پی ٹی آئی نے سلامتی کمیٹی اجلاس میں عدم شرکت کی تائید کی، ہم شرکت کرلیتے توبھی حکومت اپنی مرضی کے فیصلے کرتی، ملٹری آپریشن کی ضرورت محدود سطح پرہوسکتی ہے،بانی پی ٹی آئی کوجیل میں ہرمعاملے کی مکمل آگاہی ہوتی ہے، عمران خان کی بہنیں جیل میں بانی کوتمام معلومات دیتی ہیں، اگلے چند دنوں میں بہت بڑا اپوزیشن اتحاد بننے جارہا ہے، پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کا فیصلہ بالکل درست تھا،سلمان اکرم راجہ نے کہا 26ویں ترمیم میں متنازع شقیں نکالنے میں مولانا کا کردارشامل تھا، مولانا کی جانب سے بڑے ملٹری آپریشن کی مخالفت درست قدم ہے، قومی سیاست پرڈی آئی خان کی سیاست حاوی نہیں ہوگی، ہمیں عمران خان سے قومی سلامتی کمیٹی اجلاس سے متعلق مشاورت نہیں کرنے دی گئی، اے پی سی کے بجائے بند کمرہ اجلاس اصولی طورپرغلط بات تھی، اے پی سی بلائی جائے اور تمام جماعتوں کوشامل کیا جائے، اب بھی وقت ہے پارلیمنٹ کا جوائنٹ سیشن بلایا جائے،سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی نے مزید کہا ڈیل کی سیاست نے ہمیشہ پاکستان کونقصان پہنچایا، ڈیل کے عمل نے سیاسی سپیس کوختم کیا ہے، ہم جمہوری عمل کے ذریعے سیاسی سپیس کو واپس لیں گے، بانی پی ٹی آئی اصولی سیاست کر رہے ہیں، اصولی سیاست کی وجہ سے ہی عمران خان کوعوام میں پذیرائی مل رہی ہیں۔