اسلام آباد: (بیورورپورٹ) سویلینز کے ملٹری ٹرائل کیس کی سماعت کے دوران جسٹس علی مظہر نے ریمارکس دئیے اعتراض ہے ملٹری ٹرائل غیر جانبدار نہیں ہوتا۔
جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی لارجر بنچ نے انٹر کورٹ اپیلوں پر سماعت کی ،وکیل عابد زبیری نے دلائل دیئے اٹارنی جنرل کی تحریری یقین دہانیوں کا ذکر 5 رکنی بنچ کے فیصلے میں موجود ہے، تحریری یقین دہانیاں جن متفرق درخواستوں کے ذریعے کرائی گئیں ان کے نمبر بھی فیصلے کا حصہ ہیں۔
عابد زبیری نے کہا جنرل ضیا الحق نے ایف بی علی کا ملٹری ٹرائل کیا،ضیا الحق نے 1978 میں ایف بی علی کو چھوڑ دیا، جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیئے جو کام ایف بی علی کرنا چاہ رہا تھا وہ ضیا الحق نے کیا،جسٹس علی مظہر نے کہا آرمی ایکٹ میں ملٹری ٹرائل کےلئے مکمل پروسیجر فراہم کیا گیا، پروسیجر میں بنیادی حقوق کو تحفظ فراہم کیا گیا، آرمی ایکٹ میں فراہم پروسیجر پر عمل نہ ہونا الگ بات ہے، پروسیجر پر عمل نہ ہو تو پھر دستیابی کا کوئی فائدہ نہیں۔
جسٹس علی مظہر نے ریمارکس دیئے ملٹری کورٹ پر 2 اعتراض ہیں، ملٹری ٹرائل غیر جانبدار نہیں ہوتا، دوسرا اعتراض ٹرائل کرنے والوں پر قانونی تجربہ نہ ہونے کا لگایا گیا،جسٹس علی مظہر نے کہا کیا آپ ملٹری کورٹ کو عدلیہ تسلیم کرتے ہیں؟ اگر عدلیہ تسلیم کرتے ہیں تو نتائج کچھ اور ہوں گے اگر ملٹری کورٹ جوڈیشری ہے تو پھر وہ عدلیہ ہے، جسٹس منیب نے ملٹری کورٹ کو عدلیہ نہیں لکھا۔
وقفے کے بعد کیس کی دوبارہ سماعت ہوئی تو وکیل عابد زبیری نے دلائل میں مزید کہا عدالت فیصلے میں قرار دے چکی سول نوعیت کے جرائم پر سویلینز کا کورٹ مارشل نہیں ہوسکتا، فوجی عدالتیں آئین کے تحت بنے عدالتی نظام کا حصہ نہیں ، فوجی عدالتوں میں ٹرائل صرف ان سویلینز کا ہوسکتا جو فوج کا حصہ ہوں، آرٹیکل 10 اے اور آرٹیکل 4 کی موجودگی میں سویلینز کا کورٹ مارشل ممکن نہیں، سیکشن ٹو ڈی کے تحت ملزموں پر آرٹیکل 8 کی ذیلی شق 3 اے کا اطلاق نہیں ہوتا۔
جسٹس علی مظہر نے ریمارکس دیئے آرٹیکل 8 کی ذیلی شق 3 اے میں دوسرے اشخاص کا لفظ بھی استعمال ہوا ، آج تک کتنے فیصلہ ہوئے کسی میں ملٹری کورٹ پر کلیئریٹی نہیں ،جسٹس جمال مندوخیل نے کہا سیکشن ٹو ڈی میں ملٹری کورٹ نہیں لکھا گیا، سیکشن ٹو ڈی میں لکھا ہے جرم پر ٹرائل ہو گا، نہیں لکھا ٹرائل کا فورم کون سا ہو گا،جسٹس حسن رضوی نے کہا حملے تو اب بھی ہو رہے ہیں، گزشتہ روز بنوں کینٹ میں حملہ ہوا، جسٹس جمال مندوخیل نے کہا شواہد ہوں تو انسداد دہشت گردی عدالتیں بھی سزائیں دیتی ہیں، ایسے کیسز کہاں چل رہے ہیں؟ اگر ایسے کیسز انسداد دہشت گردی عدالت میں چل رہے ہوتے تو رپورٹنگ ہوتی،جسٹس علی مظہر نے کہا پہلے ملٹری کورٹ کو جوڈیشری تسلیم کرے پھر ملٹری کورٹ کو عدلیہ سے الگ کرنے کی بات کریں، آرمڈ فورسز عدلیہ کا حصہ نہیں ،جسٹس جمال مندوخیل نے کہا قانون میں ملٹری کورٹ نہیں، کورٹ مارشل کا لفظ استعمال ہوا ، جسٹس علی مظہر نے کہا کسی عدالتی فیصلے میں ڈکلیئرنہیں دیا گیا ملٹری کورٹ جوڈیشری ہے۔
ملٹری ٹرائل کیس،آرمڈ فورسز عدلیہ کاحصہ نہیں،آئینی بنچ
















