وزیراعلیٰ ہیپاٹائٹس سکریننگ، علاج کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنا چاہتی ہیں : سلمان رفیق

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اہم اجلاس منعقدہواجس میںہیپاٹائٹس اینڈ انفیکشن کنٹرول پروگرام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔سینئر گیسٹرو اینٹرولوجسٹ پروفیسر طارق محمود نے اس حوالے سے بریفنگ بھی دی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ہیپاٹائٹس بیماری کی سکریننگ اور علاج کا ایک پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنا چاہتی ہیں۔ پاکستان میں ہیپاٹائٹس کے ڈیزیز برڈن میں تیزی سے اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ ہمیں پری وینشن پر کام کرنا ہو گا، ایک صحت مند زندگی گزارنے کیلئے صحت مند لائف سٹائل اپنانا ہوگا۔ ہیپاٹائٹس کی سکریننگ اور علاج و معالجہ کے پائلٹ پراجیکٹ کے حوالہ سے فزیبلٹی بنائی جا چکی ہے۔ابتدائی طور پر پی کے ایل آئی، لاہور جنرل ہسپتال، نشتر ہسپتال ملتان، الائیڈ ہسپتال فیصل آباد اور ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کو اس پائلٹ پراجیکٹ کا حصہ بنایا جائے گا۔ انہوںنے کہا کہاس سوپرا سپیشلٹی میں نئے ڈاکٹرز کی بھرتی کیلئے پنجاب پبلک سروس کمیشن کو ریکوزیشن بھی بھجوا دی گئی ہے۔ اس پائلٹ پراجیکٹ کے تحت نئی اینڈوسکوپی مشینیں بھی خریدی جائیں گی۔ جلد اس حوالے سے تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ 2016 میں بھی پنجاب کی سطح پر اس وقت کے وزیر اعلیٰ میاں شہباز شریف کی قیادت میں ہیپاٹائٹس کے تدارک کیلئے منصوبہ شروع کیا گیا تھا۔ اس حوالے سے ایک جامع منصوبہ بنائیں گے۔ اس سلسلے میں جلد سفارشات وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو پیش کی جائیں گی۔ انہوںنے کہا کہ اس پروگرام کو صحت کے دونوں محکمہ جات مل کر کامیاب بنائیں گے۔اجلاس میں سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ ذیشان شبیر رانا، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر وسیم، چیف پلاننگ آفیسر عبدالحق بھٹی، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر وحید اصغر و دیگر نے شرکت کی۔