9ویں کثیر القومی بحری مشق امن کا آغاز،رنگا رنگ پرچم کشائی تقریب

کراچی:(بیورورپورٹ)9ویں کثیر القومی بحری مشق امن کا آغاز،رنگا رنگ پرچم کشائی تقریب،مشق کا آغاز شریک ممالک کے جھنڈے بیک وقت لہرا کر کیا گیا، فاختائیں بھی کھلی فضا میں چھوڑی گئیں، تقریب میں شریک ممالک کی اعلیٰ عسکری قیادت، مبصرین، سفارتکاروں اور پاکستان کی مسلح افواج کے حکام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا، اپنے پیغام میں نیول چیف نے مشق امن 2025 کے شرکا کا پرتپاک استقبال کیا،نیول چیف نے اپنے پیغام میں زور دیا پاک بحریہ نے بحیرہ عرب میں کلیدی سٹیک ہولڈر ہونے کے ناطے علاقائی میری ٹائم سکیورٹی کو بہتر بنانے کےلئے متعدد اقدامات کیے ، ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرولز (RMSP) پاک بحریہ کا ایسا ہی اقدام ہے۔

کمانڈر پاکستان فلیٹ ریئر ایڈمرل عبدالمنیب نے شریک ممالک کی جانب سے تعاون بڑھانے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے امید ظاہر کی مشق میں تمام شریک ممالک کےلئے باہمی طور پر فائدہ مند ثابت ہوگی،دنیا بھر سے شریک ممالک کے جھنڈے ایک ساتھ لہرانا مشق کے موٹوامن کےلئے متحد کی علامت ہے،شروع ہونے والی دوستی مزید فروغ پائے گی۔

امن مشق 7 سے 11 فروری 2025 تک جاری رہے گی،تقریباً 60 ممالک کے بحری ، ہوائی جہاز، سپیشل آپریشن فورسز اور بڑی تعداد میں مبصرین شرکت کر رہے ہیں، مزید برآں مشق کے ضمن میں 9 تا 10 فروری پہلے امن ڈائیلاگ کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے، امن ڈائیلاگ کے دوران شریک ممالک کے بحری سربراہ اور سینئر نمائندگان سمندری چیلنجز ومیری ٹائم سکیورٹی مسائل سے نمٹنے کےلئے جدید حل وضع کریں گے۔