راولپنڈی:(بیورورپورٹ)جی ایچ کیو حملہ کیس میں مزید گواہوں کی شہادتیں ریکارڈ ،استغاثہ نے ایف آئی اے، پی آئی ڈی، پیمرا اور انٹرنل سکیورٹی ونگ کی رپورٹس پر مشتمل 118 سیٹ عدالت میں جمع کرادئیے۔
سماعت جج امجد علی شاہ نے کی،دوران سماعت عمران خان کو اڈیالہ جیل میں قائم خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا ،راولپنڈی پولیس کی خصوصی ٹیم نے شاہ محمود قریشی کو کوٹ لکھپت جیل سے لےکر آئے،بانی پی ٹی آئی کی فیملی اور وکیل سلمان اکرم راجہ عدالت میں موجود رہے،فواد چودھری، مسرت جمشید چیمہ، شبلی فراز بھی پیش ہوئے، عمر ایوب، شبلی فراز مسرت جمشید چیمہ، بیرسٹر علی ظفر، تیمور جھگڑا، مزمل اسلم بھی اڈیالہ جیل پہنچے۔
سماعت کے دوران استغاثہ کے مزید 2گواہوں کی شہادت قلم بند ہوئی، تیسرے کی شہادت جزوی طور پر ریکارڈ ہوئی، مقدمہ میں مجموعی طور پر 15 گواہوں کی شہادت ریکارڈ کی جاچکی ہیں جبکہ سولہویں کی جزوی ریکارڈ کی گئی،پراسیکیوٹر سید ظہیر شاہ نے کہا پولیس کی جانب سے اضافی نقول کی کاپیوں کے 118 سیٹ عدالت میں جمع کرا دیئے گئے، اضافی نقول کاپی سیٹ برائے ایک ملزم 284 صفحات پر مشتمل ہے، عدالت نے سماعت 12 فروری تک ملتوی کر دی۔
جی ایچ کیو حملہ کیس میں مزید گواہوں کی شہادتیں ریکارڈ
















