لاہور (مشرق نیوز) آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 کا پاکستان ٹور ی یکم فروری سے شیخوپورہ کے تاریخی ہرن مینار کمپلیکس سے شروع ہوگیا۔ اس سفر میں ٹرافی کو 14 دنوں میں پاکستان کے دس مختلف شہروں میں لے جایا جائیگا۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 سے قبل ٹرافی کا عالمی سفر پاکستان میں 16 نومبر کو شروع ہوا تھا جس کے بعد ٹرافی کو 26 نومبر سے 26 جنوری تک شریک دیگر 7 ممالک میں لے جایا گیا۔اس دوسرے مرحلے میں شیخوپورہ کے علاوہ ٹرافی کو بہاولپور، فیصل آباد، حیدرآباد، اسلام آباد، کراچی، لاہور، ملتان، پشاور اور کوئٹہ لے جایا جائیگا۔ ٹرافی 8 فروری کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سہ ملکی سیریز کے افتتاحی میچ کے دوران نئے اپ گریڈڈ قذافی سٹیڈیم لاہور میں بھی نظر آئیگی۔ان 14 دنوں کے دوران جن اہم مقامات پر ٹرافی کو لے جایا جائیگا۔ ان میں ملتان کا قلعہ، بہاولپور کا نور محل، پشاور کا ارباب نیاز سٹیڈیم، کراچی کا نیشنل بینک سٹیڈیم، حیدرآباد کا نیاز سٹیڈیم اور فیصل آباد کا اقبال سٹیڈیم شامل ہیں۔یہ ٹرافی ٹور 14 فروری کو کراچی میں اختتام پذیر ہوگا۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا افتتاحی میچ میزبان پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 19 فروری کو ہونا ہے۔
آئی سی سی چیمپینز ٹرافی کا پاکستان میں دوسرا سفر شروع
















