ملتان (بیورو رپورٹ) ملتان میں گیس سے بھرے ٹینکر کو آگ لگنے سے 6 افراد جاں بحق ، 30 زخمی ہوگئے جبکہ متعدد افراد کی حالت تشویشناک ہے،ڈسٹرکٹ ریسکیو آفیسر کے مطابق واقعہ فہد ٹاون میں پیش آیا، گیس سے بھرا ٹینکر آگ لگنے سے پھٹ گیا، آگ بجھانے کیلئے ریسکیو کی 16 گاڑیوں نے آپریشن میں حصہ لیا، مظفر گڑھ اور خانیوال سے بھی فائر ٹینڈرز طلب کئے گئے،زور دار دھماکوں کی آوازیں دور دور تک سنی گئیں جس کے باعث شہری شدید خوف میں مبتلا ہوگئے،عینی شاہدین کے مطابق ٹینکر میں آگ لگنے کی وجہ سے دھماکہ ہوا، آگ والے ٹکڑے مقامی آبادی کے گھروں پر جا کر گرے جس سے گھروں کی چھتیں متاثر ہوئیں،کمشنر ملتان کے مطابق فہد ٹاون میں موجود تمام افراد کو ریسکیو کر لیا گیا، جاں بحق اور زخمیوں کو فوری طور پر نشتر ہسپتال منتقل کر دیا گیا، متعدد کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے،مقامی انتظامیہ کے مطابق علاقے میں بجلی کی سپلائی اور گیس کی فراہمی بند کر دی گئی ہے،ملتان میں سلنڈر دھماکوں کا مقدمہ تھانہ مظفر آباد میں درج کر لیا گیا، کمشنر کی سربراہی میں واقعہ کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دےدی گئی ہے،صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ملتان میں گیس ٹینکر پھٹنے سے شہریوں کی اموات پر اظہار افسوس کیا ہے اور جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار ہمدردی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی،وزیراعظم نے گیس ٹینکر پھٹنے کی وجوہات جاننے اور مستقبل میں واقعات کی روک تھام کی ہدایت کی ہے، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی دھماکے میں جانی و مالی نقصان پر اظہارافسوس کیا ہے۔
ملتان: گیس سے بھرا ٹینکر آگ لگنے سے پھٹ گیا، 6 افراد جاں بحق، 30 زخمی
















