گلگت :(مشرق نیوز)انسداد دہشتگردی عدالت نے سکیورٹی اداروں اور الیکشن کمیشن افسروں کو دھمکانے کے کیس میں سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کو 34 برس قید کی سزا سنادی۔
گلگت بلتستان کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج رحمت شاہ نے جلسے میں سکیورٹی اداروں، چیف سیکرٹری اور چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کے مقدمے میں صوبائی صدر اور سابق وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کو مجموعی طور پر 34 سال قید اور 6 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔
خالد خورشید کےخلاف گلگت کے سٹی تھانے میں سکیورٹی اداروں و سرکاری افسروں کو دھمکانے کا مقدمہ درج کیا گیا،انسداد دہشت گردی گلگت بلتستان کی عدالت کے جج رحمت شاہ کی جانب سے بار بار نوٹس جاری کیے جانے کے باوجود سابق وزیر اعلیٰ روپوش رہے اور کسی بھی سماعت میں حاضر نہیں ہوئے۔
عدالتی کارروائی مکمل ہونے کے بعد الزامات ثابت ہونے پر سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کو مجموعی طور پر 34 سال قید اور 6 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی،خصوصی عدالت نے آئی جی پولیس کو حکم دیا مجرم خالد خورشید کو گرفتار کر کے جیل منتقل کیا جائے، ڈی جی نادرا خالد خورشید کا قومی شناختی کارڈ بلاک کریں۔
اداروں کو دھمکانے کا کیس،سابق وزیراعلیٰ گلگت کو 34 برس قید


















